وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کی ملاقات، پی آئی سی میں ہنگامہ کی مذمت

مہذب معاشرہ میں ایسے غیر انسانی فعل کی کوئی گنجائش نہیں: سپیکر پنجاب اسمبلی، قانون کی حکمرانی کیلئے آخری حد تک جائینگے‘ عثمان بزدار

جمعرات 12 دسمبر 2019 23:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2019ء) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور رکن قومی اسمبلی الٰہی ایم نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی جس میں وزیراعلیٰ اور سپیکر نے پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل سٹاف، مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ دل کے ہسپتال میں ایسا واقعہ سب کیلئے شرمندگی کا باعث ہے، وکلاء کی ہنگامہ آرائی کا کوئی جواز نہیں بنتا تھا، مہذب معاشرے میں ایسے غیر انسانی فعل کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی، مریضوں کو علاج کی سہولت سے زبردستی روکنا مجرمانہ فعل ہے، ہماری تمام تر ہمدردیاں متاثرہ لوگوں کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعلیٰ سے کہا کہ آپ نے بروقت ہدایات دے کراپنی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ پی آئی سی کا افسوسناک واقعہ ایک ٹیسٹ کیس ہے، کل کا واقعہ نہایت شرمناک اور قابل مذمت ہے، ذمہ دار عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے، قانون سب کیلئے برابر ہے اور بلاتفریق قانونی کارروائی ہو گی، صوبے میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے،ہسپتالوں میں مریضوں، ان کے لواحقین اور ڈاکٹروں کو پورا تحفظ دیا جائے گا، واقعہ کی تحقیقات شروع ہو چکی ہیں اور ذمہ دار اپنے انجام کو پہنچیں گے، افسوس کا مقام ہے کہ بعض عناصر نے اس واقعہ پر بھی سیاست چمکانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے مختصر مدت میں پائیدار اقدامات کئے گئے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں