پاکستان جنوبی ایشیا ء کی معاشی ترقی اور علاقائی انضمام کے خواب کے تعبیر کیلئے کلیدی کردار ادا کررہا ہے‘ عبد الرزاق دائود

افتخا رعلی ملک کی سارک چیمبر کے صدر کے عہدہ کیلئے نامزدگی ان کی 29 سالہ شاندار خدمات کا اعتراف ہے‘ مشیر تجارت

جمعہ 13 دسمبر 2019 13:27

پاکستان جنوبی ایشیا ء کی معاشی ترقی اور علاقائی انضمام کے خواب کے تعبیر کیلئے کلیدی کردار ادا کررہا ہے‘ عبد الرزاق دائود
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2019ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق دائود نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا ء کی معاشی ترقی اور علاقائی انضمام کے خواب کے تعبیر کے لئے کلیدی کردار ادا کررہا ہے، سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک کو آئندہ دو سالہ مدت کیلئے سارک چیمبر کا صدر نامزد ہونے پر اپنے مبارکباد کے پیغام میں مشیر تجارت نے کہا کہ یہ نامزدگی خطہ میں تجارت کے فروغ کیلئے افتخار علی ملک کی 29 سالہ شاندار خدمات کا اعتراف اور پاکستان کے لئے اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سارک کے پلیٹ فارم سے علاقائی تجارت کے فروغ اور ترقی پر یقین رکھتا ہے کیونکہ یہی خطے میں قیام امن کے لئے آگے بڑھنے کا قابل عمل راستہ ہے اور پاکستان اس ضمن میں اپنا بھر پور کردار ادا کرتا رہے گا۔

(جاری ہے)

یہ خطہ انسانی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جن سے بھر پور استفادہ کی ضرورت ہے۔ عبدالرزاق دائود نے کہا کہ سارک سوشل چارٹر اس ضمن میں آگے بڑھنے کا حقیقی راستہ ہے، پاکستان اس ضمن میں تمام اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے اور صحت و تعلیم کے شعبوں میں تنظیم کے زیادہ سے زیادہ کردار کی ضرورت ہے۔

سارک چیمبر کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک نے عبد الرزاق دائود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ علاقائی تجارت کے فروغ کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے، خوشحال جنوبی ایشیا ء کی تعمیر میں پاکستان کا کردار ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجارتی اخراجات کو کم کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ سارک ممالک کے مابین تجارت کو زیادہ سے زیادہ حد تک فروغ دیا جاسکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں