پی آئی سی واقعہ میں طارقہ پروین کا شوہرانور بھی جان کی بازی ہار گیا

افراتفریح کے دوران میرے شوہر کا آکسیجن ماسک اتارا گیا، اب میرے گھر کا خرچہ کون چلائے گا؟ مرحوم محمد انورکی اہلیہ طارقہ کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 13 دسمبر 2019 21:00

پی آئی سی واقعہ میں طارقہ پروین کا شوہرانور بھی جان کی بازی ہار گیا
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 دسمبر 2019ء) پنجاب انسٹیٹیوٹ کارڈیالوجی میں وکلاء اور ڈاکٹرز کے درمیان ہنگامہ آرائی سے طارقہ پروین کا شوہر بھی جان کی بازی ہار گیا، طارقہ پروین نے بتایا کہ افراتفریح کے دوران میرے شوہر کا آکسیجن ماسک اتارا گیا،اب میرے گھر کا خرچہ کون چلائے گا؟ مرحوم محمد انورکی اہلیہ طارقہ پروین نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ میں یہی کہوں گی کہ واقعہ میں میرے شوہر محمد انور کا قتل ہوا ہے۔

وہ بالکل ٹھیک تھا، اس کو آکسیجن مل رہی تھی ،علاج ہورہا تھا اوربہتر ہوتے جا رہے تھے۔افراتفریح ،توڑپھوڑ اور آنسوگیس کے دوران میرے شوہر کا آکسیجن ماسک اتاردیا گیا۔ہمیں توپتا ہی نہیں چلا کہ کیا ہوا ہے؟ میرا شوہر ٹرپ رہا تھا اورمیرا بھی سانس رکنے لگ گیا۔

(جاری ہے)

ہم نے منت سماجت کی کہ ہمارا بیڈ یہاں سے نکال دیں۔پھر کچھ لوگو ں نے ہمارا بیڈ نکالا،کسی کا کچھ نہیں گیا ہم لٹ گئے۔

ہمارا گھر تباہ کردیا، اب میرے گھر کا خرچہ کون چلائے گا؟میرا شوہر رکشہ ڈرائیور تھا، مزدوری کرتے تھے۔اب ہمارے گھر کا اب کوئی سربراہ نہیں ہے، دوبیٹیاں اور دوبیٹے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہنگامہ آرائی کے دوران بروقت علاج نہ ہونے 3 مریضوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا اور مالی مدد کا اعلان کیا، تاہم ابھی انور مرحوم کے لواحقین کیلئے امداد جاری نہیں ہوسکی۔

وزیراعلیٰ نے کہا تھا کہ جاں بحق ہونے والے مریضوں کے لواحقین کیلئے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت جاں بحق مریضوں کے لواحقین کو 10 ، 10 لاکھ روپے مالی امداد دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ مالی امداد کسی انسانی جان کا نعم البدل نہیں لیکن ہم غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں- انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں اور دیگر لوگوں کی گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے گا- وزیر اعلی نے جاں بحق مریضوں کے لواحقین اور دیگر لوگوں کو کل تک مالی امداد ہر صورت دینے کی ہدایت کی- انہوں نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں آلات ، مشینری اور دیگر سامان کو جلد ازجلد درست حالت میں لایا جائے اورپی آئی سی کی ایمرجنسی کو فنکشنل کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔


لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں