پولیس کا حسان نیازی کی گرفتاری کیلئے ان کے گھر پرچھاپہ

حسان نیازی گھر پر موجود نہیں تھے، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے حسان نیازی کو ڈھونڈ رہے ہیں، حسان نیازی مقدموں میں نامزد ملزم نہیں ہیں۔ پولیس حکام

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 13 دسمبر 2019 21:11

پولیس کا حسان نیازی کی گرفتاری کیلئے ان کے گھر پرچھاپہ
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 دسمبر 2019ء) لاہور پولیس نے وزیراعظم کے بھانجے حسان نیازی کی گرفتاری کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائی شروع کردی، پولیس نے حسان نیازی کے گھر پر چھاپہ مارا، حسان نیازی گھر پر موجود نہیں تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہورپولیس نے پی آئی سی واقعے میں مطلوب وزیراعظم کے بھانجے حسان نیازی کے گھر پر چھاپہ مارا۔

بتایا گیا ہے کہ حسان نیازی گھر پر موجود نہیں تھے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے حسان نیازی کو ڈھونڈ رہے ہیں۔حسان نیازی مقدموں میں نامزد ملزم نہیں ہیں۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی آئی سی کو آج رات آپریشنل کردیا جائے گا، تمام متاثرین کو بھی نقصانات کی ادائیگی کردی گئی ہے، شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا عمل جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میں نے لاء ڈیپارٹمنٹ کو ’’ ہیلتھ کیئر پروفیشنلز سیکیورٹی بل‘‘ اگلے کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایات دی ہیں، تاکہ جلد از جلد قانون سازی کا عمل مکمل کیا جائےانشاءاللہ ۔ آج رات تک پی آئی سی کو اصل حالت میں لا کر آپریشنل کردیا جائےگا۔ تمام متاثرین کو بھی ان کے نقصانات کی ادائیگی کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال پر حملے میں ملوث تمام شرپسندوں کی شناخت کے بعد گرفتاریوں اور انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عمل جاری ہے۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ابھی تک اس بات لاعلم ہیں کہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں حملہ کیسے ہوا؟ وزیراعلیٰ پنجاب نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ کابینہ کی کمیٹی برائے امن وامان کی روزانہ کی بنیاد پر میٹنگ ہوتی ہے، اس میں جو بھی فیصلے ہوتے ہیں ان پر عملدرآمد کیا جاتا ہے۔

ہم نے کابینہ کمیٹی میں پی آئی سی واقعے کی تمام صورتحال کابھی جائزہ لیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ واقعے سے متعلق مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں، کہ یہ واقعہ کیوں پیش آیا، کیسے پیش آیا، اس کے کیا محرکات ہیں۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کچھ کہا جاسکتا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ تحقیقات کب تک مکمل ہوجائیں گی؟ اس پر وزیراعلیٰ نے کوئی ڈیڈلائن نہ دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی گرفتاری کے سوال پر جواب گول کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی لوگ سی سی ٹی وی کیمرے میں نظر آئیں گے، ان کیخلاف کاروائی کریں گے ، قانون سب کیلئے برابر ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں