وکلاء اور ڈاکٹر ز میں لڑائی دونوں اداروں کیلئے نقصان دہ ثابت ہوئی ہے، واقعہ میں ملوث افراد کا تعلق کسی بھی خاندان یا سیاسی جماعت سے ہو انہیں معافی نہیں ملے گی،گور نر پنجاب

ہفتہ 14 دسمبر 2019 18:39

وکلاء اور ڈاکٹر ز میں لڑائی دونوں اداروں کیلئے نقصان دہ ثابت ہوئی ہے، واقعہ میں ملوث افراد کا تعلق کسی بھی خاندان یا سیاسی جماعت سے ہو انہیں معافی نہیں ملے گی،گور نر پنجاب
لاہور۔14 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2019ء) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ وکلاء اور ڈاکٹر ز میں لڑائی دونوں اداروں اور ملک کیلئے نقصان ثابت ہوئی ہے۔ڈاکٹر ز اور وکلاء دونوں معززپیشے سے ہیں ان میں لڑائی بنتی ہی نہیں۔ پی آئی سی واقعے سے دنیا میں پاکستان کا امیج متاثرہوا ہے، اس واقعے میں ملوث افراد کا تعلق چاہے کسی بھی خاندان یاسیاسی جماعت سے ہو معافی نہیں ملے گی سب کوانصاف کے کٹہرے میں آنا پڑیگا۔

وہ ہفتہ کے روز ایکسپو سنٹر لاہور میں ’’2روز ہ پراپرٹی ایکسپو‘‘نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان آج سر مایہ کاری کیلئے ایک محفوظ ملک بن چکا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ پراپرٹی ایکسپو میں دوبئی اور تر کی سمیت دیگر ممالک سے بھی کمپنیاں شریک ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا پاکستان میں سر مایہ کاروں کو دی جانیوالی سہولتوں پر اعتماد کااظہار کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ جہاں تک ایف اے ٹی ایف کا تعلق ہے تو انشاء اللہ وہاں سے بھی اچھی خبر آئیگی اور پاکستان پر ایف اے ٹی ایف کی لٹکتی تلوار سے بھی نجات حاصل کر لیں گے جسکے بعد یقینی طور پر دنیا بھر سے مزید سر مایہ کار پاکستان آئیں گے گورنر نے کہا کہ مًیں یہ بھی بتانا چاہتاہوں کہ جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کے حوالے سے میرا بر طانیہ سمیت دیگر یورپی ممالک کا دورہ انتہائی کامیاب رہا ہے اور 36سے زائد اراکین یورپی پارلیمنٹ سے ہونیوالی ملاقاتوں میں سب نے ہمیں اپنی سپورٹ کا یقین دلایا ہے جو پاکستان کیلئے انتہائی خوش آئند ہے۔

ایک سوال کے جواب میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پی آئی سی کے معاملے پر تحقیقات جاری ہیں اس بات میں کوئی شک نہیں حملے میں ملوث لوگوں کا تعلق کسی بھی جماعت یا کسی بھی طاقتوار سیاسی شخصیت سے ہو سب قانون اور انصاف کے کٹہر ے میں آئیںگے کسی کو معاف نہیں کیا جائیگا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہسپتالوں اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا ۔

بعد ازاں ایوان اقبال لاہور میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ’’خیر کثیر یوتھ کانفر نس‘‘ اور بلوچستان سے آنیوالی60رکنی طلباء کے وفد سے خطاب کے دوران چوہدری محمدسرور نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل اور ہماری امید ہیں کسی بھی قوم کے روشن مستقبل کا اندازہ وہاں بسنے والی آبادی میں نوجوانوں کے تناسب سے لگایا جاتاہے اور آج پاکستان دنیا میں نوجوانوں کی پانچویں بڑی تعدادکا حامل ملک ہے ،پاکستان نوجوانوں میں ذہانت اور قابلیت کی کمی نہیں ہمارے نوجوانوں میں وہ تمام خصوصیات موجودہ ہیں جو نوجوانوں کا خاصہ تصور کی جاتی ہے اور مًیں نوجوانوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ خدمت کے کاموں میں اپنی عملی شر کت یقینی بناکر آگے بڑھتے ہوئے پاکستان کے لئے ہر اول دستے کا حصہ بنیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں