لاہور میں شہری پر تشدد کرنے والا بااثر شخص گرفتار

ملزم عقیل مرزا بینک افسر ہے، ملزم نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 15 دسمبر 2019 14:25

لاہور میں شہری پر تشدد کرنے والا بااثر شخص گرفتار
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15دسمبر2019ء) : لاہور میں شہری پر تشدد کرنے والا بااثر شخص گرفتار ہوگیا۔ ملزم عقیل مرزا پیشے کے بینک افسر ہے اور اب اس نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح لاہور میں بااثر شخص نے دن دہاڑے شہری پر تشدد کیا تھا، سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لاہور کے کیولری گراؤنڈ میں ایک بڑی گاڑی سے نکلنے والے شخص نے نہتے شہری پر اسلحہ تان کر اسے گریبان سے پکڑ کر دھکے دیے اور زمین پر گرا کر اسے زدرکوب کیا۔

شہری اسلحے کی وجہ سے خاموشی سے تشدد کا نشانہ بنتا رہا جبکہ با اثر شخص نے شہری کو سڑک کنارے اسلحے کے زور پر زمین پر گرا کر تھپڑ اور ٹھوکریں ماریں۔
شہری پر تشدد کرنے والا ملزم عقیل مرزا (فائل فوٹو)
شہری پر تشدد کرنے والا ملزم عقیل مرزا (فائل فوٹو)
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہری سڑک کنارے گرین بیلٹ کے کنارے پر بیٹھا ہے اور کار سوار نے اسے تھپڑ مارے جس کے بعد اس نے گاڑی سے پستول نکال کر کر شہری پر تان لیا اور پھر اسکے منہ پر اپنے پاؤں سے ٹھوکریں ماریں۔

(جاری ہے)

سڑک پر ٹریفک چل رہی تھی جبکہ پولیس دور رہی اور شہری کی مدد کیلئے کوئی نہ آیا۔ بااثر شخص کے زیر استعمال گاڑی عقیل مرزا نامی بندے کے نام رجسٹر ہے،2017 ماڈل کی جیپ کا مالک لاہور کا رہائشی ہے۔ اب عقیل مرزا نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ ایس پی کینٹ کی سربراہی میں پولیس نے کارروائی کی اورشہری پر تشدد کرنے اور اسلحہ لہرانے والے بااثر شخص عقیل مرزا کو گرفتار کرلیاہے۔پولیس کے مطابق عقیل مرزا کوجائے وقوعہ سے تقریبا بارہ کلومیٹر دور واقع اسٹیٹ لائف سوسائٹی سے گرفتار کیا گیا۔ جس کے بعد اسے مزید تفتیش کیلئے تھانہ کینٹ منتقل کردیا گیا ہے۔ تاہم جس پر تشدد ہوااس کو تلاش کیاجارہاہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں