حکومت جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے وعدے سے فرار ہونے کی کوشش کررہی ہے: اویس لغاری

ہم عمران خان نیازی کی طرح ضدی اور ڈھیٹ نہیں ہیں ہم ملکی معاملات پر حکومت کے ساتھ بیٹھنے کےلئے تیار ہیں: جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن پنجاب کا فیاض الحسن چوہان کے بیان پر ردِعمل

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 15 دسمبر 2019 16:36

حکومت جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے وعدے سے فرار ہونے کی کوشش کررہی ہے: اویس لغاری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 دسمبر2019ء) جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن پنجاب اویس لغاری نے پنجاب کے وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے وعدے سے فرار ہونے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ن لیگ نے بہاولپورصوبے کا آئینی ترمیمی بل جمع کروایا تھا اور جنوبی پنجاب صوبے کیلئے مسلم لیگ ن عوام کے فیصلے پر چلنے کے لئے تیار ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا تھا کہ تحریک انصاف کو اسمبلیوں میں واضح اکثریت حاصل نہیں، یہی وجہ ہے کہ سرائیکی صوبے کا قیام ممکن نہیں ہے۔ اس بیان پر تنقید کرتے ہوئے اب اویس لغاری نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب محاذ کے نام سے پریشر گروپ بنے والوں کو سمجھ آچکی ہو گی، حکومت جنوبی پنجاب اور بہاولپورصوبے کے بل پر کوئی کام نہیں کررہی ہے، پاکستان مسلم لیگ ن جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے کے مکمل حق میں ہے، ہم عمران خان نیازی کی طرح ضدی اور ڈھیٹ نہیں ہیں ہم ملکی معاملات پر حکومت کے ساتھ بیٹھنے کےلئے تیار ہیں، حکومت جنوبی پنجاب اور بہاولپور کے عوام سے رائے طلب کرلے وہ الگ صوبہ چاہتے ہیں یا نہیں۔

(جاری ہے)

اویس لغاری نے مزید کہا ہے کہپندرہ ماہ بعد بھی پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ قائم نہیں کیا ہے، جنوبی پنجاب کے ترقیاتی فنڈزحکومتی وزراءکی شاہ خرچیوں پر اڑائے جا رہے ہیں،عمران خان نے جنوبی پنجاب میں سب سے زیادہ احساس محرومی پیدا کیا ہے، پنجاب کے وزیر اعلیٰ جنوبی پنجاب سے ہونے کے باوجود یہاں کے عوام کو مسلسل نظر انداز کررہے ہیں۔

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے بھی کہا تھا کہ فیاض چوہان نے وفاق ،پنجاب اور سینیٹ میں حکومتی کی بے بسی کا اعتراف خود ہی کرلیا ہے،جہازوں میں بھر بھر کے لائے سرخیلے لوگ ہمیشہ موسمی پرندے ثابت ہوتے ہیں،ڈیرھ سال میں جنوبی پنجاب صوبے پر بے بس حکومت عملی طور پر کوئی کام نہیں کر سکی۔ عظمیٰ بخاری نے فیاض چوہان کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ شہبازشریف نے اپنے داماد علی عمران کو خود قید کروایا تھا۔عمران خان کا بھانجہ حسان نیازی چار دن سے مفرور ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں