ایف آئی اے کی جانب سے صندل خٹک اور حریم شاہ کو ہراساں کرنے کی تردید کر دی گئی

شکایت گزار کے الزام پر دونوں لڑکیوں کو صفائی پیش کرنے اورجواب جمع کروانے کے لئے بلایا گیا لیکن 5 بار بلانے پر بھی یہ نہیں آئیں، ایف آئی اے کا عدالت میں موقف

Khurram Aniq خُرم انیق پیر 20 جنوری 2020 11:11

ایف آئی اے کی جانب سے صندل خٹک اور حریم شاہ کو ہراساں کرنے کی تردید کر دی گئی
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-20جنوری2020ء)   لاہور کی سیشن کورٹ میں صندل خٹک کی جانب سے ایف آئی اے کے خلاف جمع کروائی گئی درخواست پر سماعت ہوئی۔ایف آئی اے کی جانب سے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے تمام ہراسگی کے الزاما ت کو رد کر دیا گیا۔ایف آئی کی جانب سے کہا گیا کہ ہم نے شکایت گزار کے الزام پر دونوں لڑکیوں کو صفائی پیش کرنے اور جواب دینے کے لئے مدعو کیا تھا لیکن 5 بار بلانے کے بعد بھی دونوں نہیں آئیں۔

ایف آئی اے انسپکٹر منعم بشیر چوہدری کی جانب سے بیان جمع کروایا گیا کہ ہمیں ان کے خلاف معروف اینکر مبشر لقمان کی جانب سے درخواست جمع کروائی گئی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ دونوں لڑکیوں نے ان کے خلاف جھوٹی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کی ہیں۔انسپکٹر کا مزید کہنا تھا کہ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے مبشر لقمان کے خلاف جھوٹی افواہیں پھیلائیں اور ان پر من گھڑت الزامات بھی لگائے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کچھ دن قبل حریم شاہ کی دوست صندل خٹک کی جانب سے ایف آئی اے میں درخواست جمع کروائی گئی تھی جس میں ایف آئی اے پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے اور ایک ایسے کیس میں تفتیش کے لئے بلایا جا رہا ہے جس کا انہیں بتایا بھی نہیں جا رہا۔لاہورسیشن کورٹ کی جانب سے ایف آئی اے کو جواب پیش کرنے کا کہا گیا تھا جس کی سماعت میں آج بتایا گیا ہے کہ ٹک ٹاک سٹار گرلز کے خلاف معروف اینکر مبشر لقمان کی جانب سے درخواست جمع کروائی گئی تھی جس کے بعد ایف آئی اے کی جانب سے صفائی پیش کرنے اور اپنا جواب جمع کروانے کے لئے دونوں لڑکیوں کو مدعو کیا گیا تھا۔

مبشر لقمان کی جانب سے الزام لگایا گیا تھا کہ حریم شاہ اور صندل خٹک کی جانب سے ان کے خلاف جھوٹی افوائیں ا ور ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں