لیگی رہنما کو لندن میں نواز شریف سے ملاقات میں شرمندگی کا سامنا

نواز شریف نے لیگی رہنما نہال ہاشمی کو اپنے ساتھ گھر کے اندر آنے سے روک دیا،پوچھتے رہے ’حسین نواز کہاں ہے‘

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 20 جنوری 2020 11:13

لیگی رہنما کو لندن میں نواز شریف سے ملاقات میں شرمندگی کا سامنا
لندن (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 جنوری 2020ء) سابق وزیراعظم نواز شریف نے لیگی رہنما نہال ہاشمی کو اپنے ساتھ گھر کے اندر آنے سے روک دیا۔تفصیلات کے مطابق نہال ہاشمی اپنے قائد نواز شریف کی عیادت کے لیے لندن پہنچے تو نواز شریف ایک گاڑی سے اترے اور وہاں پر موجود لوگوں سے ہاتھ ملایا۔جن میں نہا ہاشمی بھی شامل تھے۔نہال ہاشمی جب نواز شریف کے ساتھ اندر جانے کے لیے چلے تو نواز شریف نے انہیں ہاتھ کے اشارے سے منع کر دیا اور نہال ہاشمی کو نظرانداز کرتے ہوئے پوچھتے رہے کہ حسین نواز کہاں ہے اور پھر گھر کے اندر چلے گئے جب کہ نہال ہاشمی باہر ہی کھڑے رہے جس پر انہیں شرمندگی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف علاج کے غرض سے ان دنوں لندن میں اپنے صاحبزادے حسین نواز کے پاس قیام کیے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

نواز شریف کو عدالت نے ضمانت پر رہا کیا تھا اور بیرون ملک علاج کروانے کی اجازت دی تھی۔نواز شریف مختلف کیس کے سلسلے میں جیل میں قید تھے جبکہ ان کی صاحبزادی مریم نواز بھی جیل میں ہی تھیں۔ نواز شریف کی رہائی کے کچھ دن بعد ہی مریم نواز کو بھی رہائی مل گئی تھی تاہم وہ تاحال لندن نہیں جا پائیں۔

حکومت نے مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے سے انکار کیا ہے۔ جبکہ یہ بھی واضح رہے کہ لندن میں مقیم نواز شریف کے دونوں صاحبزادے حسین نواز اور حسن نواز پاکستان میں اشتہاری قرار دیے جا چکے ہیں۔ حکومت پاکستان نواز شریف کے دونوں صاحبزادوں کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کروانے کی کوششوں میں مصروف ہے، تاہم چونکہ یہ دونوں حضرات برطانوی شہری ہیں، اس لیے اب تک ان کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔اگرچہ نواز شریف کو چھ ماہ کی ضمانت ملی تھی تاہم بظاہر لگتا ہے کہ نواز شریف کا جلد واپس آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے جس پر پنجاب حکومت نے بھی سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں