وزارت اعلیٰ کے لیے جہانگیر ترین پہلی چوائس تھی

دوسری چوائس علیم خان تھے جن کے خلاف انکوائری کھل گئی،شاہ محمود قریشی کو ہروایا گیا۔ مظہر عباس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 21 جنوری 2020 11:58

وزارت اعلیٰ کے لیے جہانگیر ترین پہلی چوائس تھی
لاہور ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار21 جنوری 2020ء) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر تنقید ایک بار پھر زور پکڑ چکی ہے،وزیراعظم عمران خان پر بھی بار بار تنقید کی جا رہی ہے جب ان کے پاس اتنے بڑے صوبے کے وزیراعلیٰ کے لیے اور آپشن موجود تھے تو پھر عثمان بزدار کا ہی انتخاب کیوں کیا گیا۔اسی حوالے سے سینئیر تجزیہ نگار مظہر عباس کا کہنا ہے کہ میرا خیال ہے کہ عمران خان نے یہ حکومت لے کر سب سے بڑی غلطی کی۔

وہ اتحادیوں کے کندھوں پر رہ گئے۔عثمان بزدار عمران خان کی پہلی چوائس نہیں تھے۔پہلی چوائس جہانگیر ترین تھے،وہ نا اہل ہو گئے جب کہ دوسری چوائس علیم خان تھے ان کے خلاف بھی انکوائری کھل گئی۔ادھر شاہ محمود قریشی کو ہروا دیا گیا۔مظہر عباس نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف میں چار گروپ تھے۔

(جاری ہے)

اس لیے عمران خان نے عثمان بزدار کو لگایا،بیساکھیوں کے سہارے کوئی بھی حکومت اصلاحات نہیں کر سکتی۔

واضح رہے کہ عثمان بزدار کی بطور وزیراعلیٰ تبدیلی کی خبریں اس وقت سے ہی گردش کر رہی ہیں جب سے انہوں نے وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھایا۔مخالفین کی وجہ سے عثمان بزدار کو بہت تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے یہاں تک کے تحریک انصاف کے اندر بھی کئی رہنما عثمان بزدار کی کارگردگی سے مطمئن نہیں ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب کی تبدیلی کی خواہشمند ہیں تاہم عثمان بزدار کو وزیراعظم عمران خان کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔

عمران خان کئی بار واضح کر چکے ہیں کہ جب تک وہ وزیراعظم ہیں، پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار ہی رہیں گے۔لیکن کچھ روز سے ایک بار پھر عثمان بزدار کی بطور وزیراعلیٰ تبدیلی کی خبریں گردش کر رہی ہیں جس پر اب وزیراعظم عمران خان نے واضح جواب دیا،وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراء اور اتحادیوں کی شکایت کو نظر اندازکر دیا اور کہا کہ زیراعلیٰ عثمان بزدار تبدیل نہیں ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق عثمان بزدار کی شکایت لگانے والوں میں فواد چوہدری، شفقت محمود،طارق بشیر چیمہ اور دیگر رہنما شامل ہیں۔وزیراعظم نے عثمان بزدار کی تبدیلی سے صاف صاف جواب دے دیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اتحادی جماعتوں اور پارٹی کے اراکین کو پیغام دیا ہے کہ عثمان بزدار پنجاب کے وزیراعلی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔ وزیراعظم نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ عثمان بزدار کو تبدیل کروانے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں