فواد حسن فواد کے ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع ہونے کے بعد روبکار جاری

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ہائیکورٹ کے حکم پر تاریخ غلط درج ہونے پر رہائی کی روبکار جاری نہ ہوسکی

جمعہ 24 جنوری 2020 00:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2020ء) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع ہونے کے بعد روبکار جاری کر دی گئی جبکہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر تاریخ غلط درج ہونے پر رہائی کی روبکار جاری نہ ہوسکی۔احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے فواد حسن فواد کے ضمانتی مچلکے کی جانچ پڑتال کے بعد آشیانہ کیس میں ضمانت منظور ہونے کے بعد روبکار جاری کی۔

(جاری ہے)

فواد حسن فواد کے ایک ،ایک کروڑ روپے کے دو ضمانتیں مچلکے احتساب عدالت میں جمع کرائے گئے تاہم ان کی آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں تاریخ غلط درج ہونے کی بنیاد پر دوسری روبکار عدالتی وقت گزرنے کے باعث جاری نہ ہو سکی جو آج جمعہ کے روز جاری کی جائے گی۔سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل کیس میں بھی گزشتہ سال 14 فروری کو درخواست ضمانت منظور کر لی گئی تھی۔ انہیںنیب کی جانب سے آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل کیس اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں 05 مئی 2018 کو حراست میں لیا گیاتھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں