مسلم لیگ (ن) نے وزیراعلی عثمان بزدار سے مستعفی ہونے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کر ادی

جمعہ 24 جنوری 2020 16:42

مسلم لیگ (ن) نے وزیراعلی عثمان بزدار سے مستعفی ہونے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کر ادی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2020ء) مسلم لیگ (ن) نے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے مستعفی ہونے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی ۔ رکن اسمبلی عظمیٰ بخاری کی جانب سے جمع کرائی گئی قراردا دکے متن میں کہا گیا ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے وزیراعظم عمران خان کے کرپشن کے خاتمے کی قلعی کھول دی ہے،دس سال بعد پاکستان میںکرپشن مزید بڑھ گئی ہے،پنجاب میں ایک بھی میگاپروجیکٹس شروع نہ ہونے کے باوجود 300فیصد کرپشن بڑھ گئی ہے،پنجاب میں پہلے جو فائل ایک ہزار میں نکلتی تھی اب وہی فائل پانچ سے دس ہزار میں نکل رہی ہے،نئے پاکستان میں ایس ایچ او اور پٹواری کے ریٹ 25سے 30ہزار تک پہنچ گئے ہیں،زمین کی فرد نکالنے کا کا ریٹ 25ہزار تک پہنچ گیا ہے،جاب میں 16ماہ کے دوران حکومت کی کوئی رٹ نظر نہیں آئی۔

(جاری ہے)

مزید کہاگیا ہے کہ عام آدمی کیلئے انصاف کی فراہمی ناممکن بات ہو گئی ہے،نرشوت دینے کے باوجود شہریوں کے جائز کام بھی نہیں ہو رہے،وزیراعظم عمران خان کے نامزد کردہ وزیراعلی عثمان بزدار کی سرپرستی میں پنجاب کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے،پنجاب کی تاریخ کی سب سے بڑی وزراکی فوج کرپشن میں سرفہرست رہی ہے۔ مطالبہ ہے کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار فی الفور اپنے عہدے سے مستعفی ہوں،پنجاب کے عوام مزید ایسے نا اہل حکمرانوں کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں