برطانوی شہریوں کیلئے شمالی علاقوں کا بذریعہ سڑک سفر محفوظ قرار

برطانیہ نے پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری بہتر کردی، خوشی ہے کہ برطانوی شہری پاکستان کو مزید بہتر طریقے سے دیکھ سکتے ہیں۔برطانوی ہائی کمشنر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 24 جنوری 2020 17:52

برطانوی شہریوں کیلئے شمالی علاقوں کا بذریعہ سڑک سفر محفوظ قرار
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 جنوری 2020ء) برطانیہ نے پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری بہتر کردی ہے، برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا ہے کہ برطانوی شہریوں کیلئے پاکستان کے شمالی علاقوں کا بذریعہ سڑک سفر محفوظ قرار دے دیا ہے، خوشی ہے کہ برطانوی شہری پاکستان کو مزید بہتر طریقے سے دیکھ سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی سیاحت کے فروغ کیلئے خوشخبری ہے کہ یورپین ممالک کے سیاحوں کو بھی پاکستان کی سیاحت سے لطف اندوز ہونے کے مواقع میسر آئیں گے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستابیوں کیلئے خوشخبری ہے کہ برطانیہ نے پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری بہتر کردی۔ برطانوی شہریوں کیلئے پاکستان کے شمالی علاقوں کا بذریعہ سڑک سفر محفوظ قرار دے دیا ہے۔ خوشی ہے کہ برطانوی شہری پاکستان کو مزید بہتر طریقے سے دیکھ سکتے ہیں، اور قدرتی مناظر سے لطف اندوز بھی ہوسکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہتر ہوگئی ہے۔

سیکیورٹی میں بہتری پاکستان کی سخت محنت کا نتیجہ ہے۔ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے باعث سفری ہدایات میں ترمیم کی گئی۔ برطانوی ایئرویز کی بحالی اور برطانوی شاہی جوڑے کا دورہ پاکستان بہترین سکیورٹی کا نتیجہ ہے۔ دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں برطانوی ٹریول ایڈوائزری میں بہتری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کی ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی بڑی پیشرفت ہے۔

میری برطانوی وزیرخارجہ سے بھی اس حوالے سے بات ہوئی تھی، ہم نے امریکی صدر سے بھی ٹریول ایڈوائزری کے حوالے سے بات کی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ برطانیہ کی ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کا کریڈٹ قوم اور مسلح افواج کو جاتا ہے۔ حکومت اور عوام سفری شرائط میں نرمی پر برطانوی حکومت کے ممنون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، ترکی اور ملائیشیاء کے ساتھ بھی سیاحت کے شعبے میں فروغ کیلئے بات چیت جاری ہے، امید ہے کہ تینوں ممالک سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے میں مدد کریں گے۔

وزیراعظم نے محمد بن سلیمان سے سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ پر معاملے کا جائزہ لیا گیا تو پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔ اسی طرح سینئر وزیر سیاحت خیبرپختونخوا عاطف خان نے کہا کہ محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا کے تمام انتظامی معاملات کو ڈیجیٹل کیا جارہا ہے جن میں خیبرپختونخوا میں موجود ہوٹلز کی رجسٹریشن اور ان کی عالمی تقاضوں کے معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے رینکنگ، سیاحتی مقامات کی آن لائن رجسٹریشن اور سیاحتی رہنماں کی رجسٹریشن، محکمہ سیاحت کی جدید آن لائن ایپلیکیشن، آن لائن ہوٹل اور گیسٹ ہاوس ریزرویشن، خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے جدید کیمپنگ پوڈ کی آن لائن بکنگ کے علاوہ جدید دیگر سہولیات شامل ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں