برطانوی ٹریول ایڈوائزری میں نرمی بلاشبہ ایک بڑی خوشخبری ہے، عمران خان

پاکستان میں سیاحت، سرمایہ کاری اور نوجوانوں کیلئے روزگار کی راہ ہموار ہوگی، سیاحت کے فروغ سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے حل میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم عمران خان کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 24 جنوری 2020 21:45

برطانوی ٹریول ایڈوائزری میں نرمی بلاشبہ ایک بڑی خوشخبری ہے، عمران خان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جنوری 2020ء) وزیراعظم عمران خان نے برطانوی ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاحت کے فروغ سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے حل میں مدد ملے گی، برطانوی ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی بلاشبہ ایک بڑی خوشخبری ہے، جس سے پاکستان میں سیاحت، سرمایہ کاری اور نوجوانوں کیلئے روزگار کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بلاشبہ یہ ایک بڑی خوشخبری ہے جس سے پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی، ہمارے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور پاکستان کو درپیش دو اہم ترین معاشی مسائل یعنی روزگار کی فراہمی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے حل میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

مزید برآں

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ برطانیہ کی ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی بڑی پیشرفت ہے۔

میری برطانوی وزیرخارجہ سے بھی اس حوالے سے بات ہوئی تھی، ہم نے امریکی صدر سے بھی ٹریول ایڈوائزری کے حوالے سے بات کی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ برطانیہ کی ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کا کریڈٹ قوم اور مسلح افواج کو جاتا ہے۔ حکومت اور عوام سفری شرائط میں نرمی پر برطانوی حکومت کے ممنون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، ترکی اور ملائیشیاء کے ساتھ بھی سیاحت کے شعبے میں فروغ کیلئے بات چیت جاری ہے، امید ہے کہ تینوں ممالک سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے میں مدد کریں گے۔

وزیراعظم نے محمد بن سلیمان سے سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ پر معاملے کا جائزہ لیا گیا تو پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔ واضح رہے برطانیہ نے پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری بہتر کردی ہے، برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستانیوں کیلئے خوشخبری ہے کہ برطانیہ نے پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری بہتر کردی۔

برطانوی شہریوں کیلئے پاکستان کے شمالی علاقوں کا بذریعہ سڑک سفر محفوظ قرار دے دیا ہے۔ خوشی ہے کہ برطانوی شہری پاکستان کو مزید بہتر طریقے سے دیکھ سکتے ہیں، اور قدرتی مناظرسے لطف اندوز بھی ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہتر ہوگئی ہے۔ سیکیورٹی میں بہتری پاکستان کی سخت محنت کا نتیجہ ہے۔ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے باعث سفری ہدایات میں ترمیم کی گئی۔ برطانوی ایئرویز کی بحالی اور برطانوی شاہی جوڑے کا دورہ پاکستان بہترین سکیورٹی کا نتیجہ ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں