صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بچے کی معصومانہ فرمائش

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، "عمران خان کو میرا سلام دینا" بچے کی گزارش

Usama Ch اسامہ چوہدری اتوار 26 جنوری 2020 13:31

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بچے کی معصومانہ فرمائش
لاہور(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 26 جنوری 2020) : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بچے کی معصومانہ فرمائش، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، "عمران خان کو میرا سلام دینا" بچے کی گزارش۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر صدرپاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں لاہور میں ایک یوٹیلیٹی سٹور کا دورہ کرتے ہوئے بچے کے ساتھ انکا بہت خوبصورت مکالمہ ہوا۔

صدر مملکت نے بچے سے پوچھا کہ سکول سے چھٹی ہے؟ جس پر بچے نے بڑی معصومانہ فرمائش کی کہ میرا سلام عمران خان کو دینا۔
یاد رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزنگ میں قائم یوٹیلٹی سٹور کا دورہ کر کے اشیائے خوردونوش کی دستیابی اور ان کے معیار کا جائزہ لیا تھا۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

(جاری ہے)

یوٹیلٹی سٹور انتظامیہ کی جانب سے صدر مملکت کو اشیائے خوردونوش کی دستیابی، معیار اور قیمتوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ۔

ایک نجی ٹی وی کے مطابق صدر مملکت کے دورہ کی وجہ سے سادہ کپڑوں میںملبوس اہلکاروں کو اشیائے خوردونوش سے بھری ہوئی ٹرالیاں پکڑا دی گئیں تاہم صدر مملکت کے روانہ ہوتے ہی یہ اہلکار وہاں سے چلے گئے اور یوٹیلٹی سٹورز انتظامیہ کی جانب سے ٹرالیاں خالی کر کے سامان دوبارہ ریکس میں لگا دیا گیا۔ لاہور میں اپنے دورے کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور خاتون اول ثمینہ علوی نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جانے والا دوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ دیکھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے سٹیڈیم میں صدر مملکت اور ان کی اہلیہ کا خیر مقدم کیا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نظام الحسن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی کچھ دیراسٹیڈیم میں رہے اور بنگلہ دیش کی ٹیم آخری نصف حصے کی بیٹنگ اننگز دیکھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں