دورہ ڈیووس میں اخراجات کی مد میں ریکارڈ بچت کی، عمران خان

ہماری حکومت نے حکومتی اخراجات اور خصوصاً بیرونی دوروں پر اخراجات میں ریکارڈ بچت کی ہے، پچھلا سال معاشی استحکام کا سال تھا،رواں سال انشاءاللہ ترقی کا سال ہوگا۔وزیراعظم عمران خان کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 26 جنوری 2020 19:33

دورہ ڈیووس میں اخراجات کی مد میں ریکارڈ بچت کی، عمران خان
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جنوری2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دورہ ڈیووس میں اخراجات کی مد میں ریکارڈ بچت کی، ہماری حکومت نے حکومتی اخراجات اور خصوصاً بیرونی دوروں پر اخراجات میں ریکارڈ بچت کی ہے، پچھلا سال معاشی استحکام کا سال تھا، رواں سال انشاءاللہ ترقی کا سال ہوگا۔ انہوں نے آج یہاں لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال میں پاکستان دنیا بھر میں ایک اہم اورنمایاں ملک کے طورپر ابھرا ہے۔

آج ہمارے تمام اہم ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات بحال ہوئے ہیں۔ یہ ممالک پاکستان کی قیادت کو ایماندار تصورکرتے ہیں اور ہم پراعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومتی اخراجات اور خصوصاً بیرونی دوروں پر اخراجات میں ریکارڈ بچت کی ہے۔

(جاری ہے)

دورہ ڈیووس میں اخراجات کی مد میں ریکارڈ بچت کی ہے۔ دورہ ڈیووس میں معروف کمپنیوں کے سی ای اوز نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

ان ملاقاتوں سے دورہ ڈیووس کی کامیابی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ ہم جو انتظامی، سماجی، معاشی اور اقتصادی تبدیلیاں لائے ان سے ملک ترقی وخوشحالی سے ہمکنارہوگا۔ ہم نے ہمت اوردلیری سے حالات کا مقابلہ کرنا ہے۔ انہوں نے ارکان قومی اسمبلی سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو جلد ولیج کونسل کی سطح پربلدیاتی انتخابات کروانے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ ولیج کونسل کے الیکشن کی تیاری کرکے اعلان کیا جائے۔

نچلی سطح پر انتخابات ہی عوامی مسائل کا حل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ عثمان بزدار مکمل بااختیار وزیراعلیٰ ہیں۔ یہ ایک منفی پروپیگنڈا ہے کہ عثمان بزدارکے پاس اختیار نہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پربھرپوراعتماد ہے۔ پنجاب میں بہترین انتظامی ٹیم لے کرآئے ہیں۔ انتظامیہ اور منتخب نمائندوں میں ہم آہنگی اور بہتر گورننس کیلئے مربوط حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے۔

چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نئے ہیں یہ وزیراعلیٰ کی ٹیم کے طور پر کام کرینگے۔ خیبرپختونخواہ میں عوام نے صحت، مقامی حکومتوں اور پولیس نظام  پر ہماری پالیسیوں پراعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومت کوعوام کوحقائق بتانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بتایا جائے کہ سابقہ حکومتوں نے ملک کو کیسے معاشی طورپرتباہ کیا۔

ملک میں مہنگائی سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ 2019ء معیشت کوسنبھالنے اور استحکام کا سال تھا، اور اب 2020ء انشاءاللہ ترقی کا سال ہوگا۔ مزید برآں پنجاب میں ارکان صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں واضع کر دینا چاہتا ہوں کہ کسی بھی صورت دباؤ میں نہیں آئینگے، ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور آئندہ بھی کرینگے، پنجاب میں پہلی دفعہ جرائم پیشہ عناصر اور قبضہ مافیا قانون کی گرفت میں آئے۔ ترقی کاموں کے حوالے سے کسی علاقے کو نظرانداز نہیں کیا جائیگا، ارکان اسمبلی اپنے حلقوں سے قریبی رابطہ رکھیں۔ عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں