ٹیکسی سروس کریم نے 150 ملازمین کو برطرف کر دیا

ملازمین کو ای میل میں بتایا گیا ہے کہ یہ قدم کمپنی کے بڑے مقاصد پورا کرنے کے لئے اٹھایا گیا ہے

Khurram Aniq خُرم انیق منگل 28 جنوری 2020 14:18

ٹیکسی سروس کریم نے 150 ملازمین کو برطرف کر دیا
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-28جنوری2020ء) پاکستان اور دنیا بھر میں کرائے کی ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنی نے اپنے150 ملازمین کو برطرف کر دیا۔کمپنی ذرائع کے مطابق بتایاگیا ہے کہ چیف ایگزیکٹیو آفیسرمدثر شیخ کی جانب سے ملازمین کو ایک ای میل جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی کی جانب سے یہ قدم کمپنی کے فائدے کے لئے اٹھایا گیا ہے۔

کمپنی کے مزید کچھ مقاصد ہیں، جس کومدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے۔ہمارے پاس کچھ لوگ ایسے موجود ہیں جنہیں اب ایک سے زیادہ کام کرنے ہوں گے اور کچھ لوگ ایسے ہیں جن کے لئے ہمارے پاس کوئی کام نہیں جو وہ کر سکیں۔تفصیلات کے مطابق دسمبر میں بھی کریم کے 60 ملازمین نے کمپنی سے علیحدگی اختیار کی تھی جس میں سے اکثر کا تعلق دبئی سے تھا جبکہ کچھ پاکستانی بھی اس میں شامل تھے۔

(جاری ہے)

ایسی اطلاعات بھی سامنے آ چکی ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ مالی روکاوٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کریم نے عمان اور ترکی میں سے اپنا کاروبار ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ایک سروے کے مطابق ٹیکسی سروس کریم کے پاس تقریبا3500ملازمین ہیں جن میں سے 1100 کے قریب پاکستان کے دفاتر میں کام کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ ایک اور ٹیکسی سروس اوبر نے مارچ2019 میں کریم کو 3.1 بلین ڈالر میں خرید لیا تھا لیکن ایسی خبریں بھی سامنے آ رہی تھیں جس میں بتایا جا رہا تھا کہ اوبر کو 3.1 ملین ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔

پاکستان میں اس وقت سب سے زیادہ مارکیٹ اوبر کی ہے لیکن کچھ چینی کمپنیوں کی جانب سے نئے سروس لائی گئی تھی جس کی وجہ سے اوبر کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔لیکن اب کریم کی جانب سے بھی 150 ملازمین کو نوکری سے برطرف کر دیا گیا ہے جس سے اس نقصان کی خبروں میں تصدیق ثابت ہو رہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں