مشاہد اللہ کی مرحوم نعیم الحق سے متعلق سوشل میڈیا ایکٹویسٹ سے خصوصی درخواست

پی ٹی آئی رہنماء نعیم الحق انتقال کرچکے ہیں، اب ان کا تذکرہ خیر کےساتھ کیا جائے۔ ن لیگی مرکزی رہنماء کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 16 فروری 2020 20:42

مشاہد اللہ کی مرحوم نعیم الحق سے متعلق سوشل میڈیا ایکٹویسٹ سے خصوصی درخواست
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 فروری 2020ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء سینیٹر مشاہد اللہ خان نے مرحوم نعیم الحق سے متعلق سوشل میڈیا ایکٹویسٹ سے بڑی درخواست کردی، انہوں نے کہا کہ نعیم الحق انتقال کرچکے ہیں، اب ان کا تذکرہ خیر کےساتھ کیا جائے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میری سوشل میڈیا ایکٹویسٹ اور تمام حضرات سے گزارش ہے کہ اختلاف رائے اپنی جگہ مگر چونکہ اب نعیم الحق صاحب انتقال کر چکے ہیں لہذا ان کا تذکرہ خیر کے ساتھ کیا جائے۔

مرحوم کے لیے مغفرت کی دعا کریں اللہ رب العزت ہم سب کے گناہوں کو معاف فرمائے۔ واضح رہے پی ٹی آئی کے بانی ممبر اور وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی مرحوم نعیم الحق کو سوشل میڈیا پر بعض مخالف حلقوں کی جانب سے سیاسی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

جس پر کچھ لوگ اس تنقید کو نہایت گری بات قرار دے رہے ہیں، جو کہ واقعی ہی نہایت غیرمناسب ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف نے بانی رکن، سینئر مرکزی رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کے انتقال کو تحریک انصاف کیلئے نہایت صدمہ انگیز قرار دیتے ہوئے 3 روزہ سوگ کا اعلان اور ملک بھر میں جماعتی سرگرمیاں معطل کرتے ہوئے مرحوم رہنما کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی کے اہتمام کا فیصلہ کیا ہے۔

اسی طرح مرحوم نعیم الحق کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا (کل پیر) کو وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان،وفاقی وزراء ،مشیران اور پارٹی عہدیداران دعا میں شریک ہونگے۔ یاد رہے کہ مرحوم کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے اور ہفتہ کے روز کراچی کے مقامی ہسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔ تحریک انصاف کے سینئر رہنما و وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کو ڈیفنس (گذری) قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

قبل ازیں مرحوم کی نماز جنازہ مولانا تنویر الحق تھانوی کی امامت میں بعد نماز عصر عائشہ مسجد خیابان اتحاد میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، پارٹی کارکنان ، عزیز و اقارب اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں