لاہور میں انسداد پولیو مہم کا آغاز، وزیرہائوسنگ اور ڈی سی نے بچوں کو قطرے پلائے

پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں،ڈی سی دانش افضال

پیر 17 فروری 2020 23:25

لاہور۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) لاہور میں انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا، وزیرہائوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمودالرشید اور ڈپٹی کمشنر دانش افضال نے وحدت کالونی کے جناح فلٹر کلینک میں بچوںکو پولیو ویکسین کے قطرے پلاکر صوبائی دارلحکومت میں اس مہم کا افتتاح کیا۔ میاں محمودالرشید نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انسداد پولیو مہم کے دوران 19لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔

اس حوالے سے 5ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو تمام علاقوں میں جاکر بچوں کو قطرے پلانے کو یقینی بنائیں گی۔پانچ سال سے کم عمر 19لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ ہرصورت مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پولیو کے خاتمے کیلئے ہر سطح پر مؤثر اقدامات کئے جا رہے ہیں اور مرض پر مکمل قابو پانے کیلئے ہر ماہ پولیو مہم جاری رکھنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر بتایاکہ پولیو ٹیموں کی حفاظت کیلئے سکیورٹی کے مناسب اور بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں۔ شہری بھی پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں کیونکہ پولیو ویکسین کے دو قطرے آپ کے بچوں کے صحت مند مستقبل کے ضامن ہیں۔ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں