پنجابی زبان کی توہین کرنے والی خاتون کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست جمع کروادی گئی

خاتون نے پنجابی زبان کی توہین کی اس لیے ان کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے، شہری کا مؤقف

Ahmad Tariq احمد طارق جمعرات 20 فروری 2020 22:04

پنجابی زبان کی توہین کرنے والی خاتون کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست جمع کروادی گئی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 فروری 2020ء) پنجابی زبان کی توہین کرنے والی خاتون کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست جمع کروادی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجابی زبان کی توہین کرنے والی خاتون کیخلاف تھانہ اسلام پورہ لاہور میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست جمع کروادی گئی ہے۔ شہری نے تھانہ اسلام پورہ لاہور میں درخواست جمع کروائی ہے کہ پنجابی زبان کی توہین کرنے پر خاتون کیخلاف فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں دیکھا گیا کہ ایک خاتون ٹریفک اہلکار سے بدتمیزی کر رہی ہے اور اس کے مطابق ٹریفک اہلکار نے اس سے پنجابی زبان میں بدتمیزی کی ہے۔ خاتون کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ پنجابی میں بات کرنا بدتمیزی ہے۔

(جاری ہے)

ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ خاتون سڑک پر گاڑی کھڑی کر شور مچا رہی ہے اور اس کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا ہے مجھ سے انہوں نے پنجابی میں بات کی ہے جو کہ بدتمیزی ہے۔

موقع پر موجود لوگوں نے خاتون سے بار بار پوچھا کہ انہوں نے بدتمیزی کیا کی ہے جس پر انہیں بس یہی جواب دیا گیا کہ انہوں نے مجھ سے پنجابی میں بات کی ہے۔ خاتون کو چلاتے ہوئے دیکھا گیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں رہتے ہوئے پنجابی میں گفتگو کرنا بدتمیزی ہے۔ انہیں مجھ سے کسی مہذب زبان میں بات کرنی چاہیئے تھی۔ خاتون نے موقع پر کسی کی بات نہ سنی بلکہ وہاں موجود باقی لوگوں پر بھی چلانے لگی اور ہر شخص کو یہی کہہ رہی تھی کہ مجھ سے بدتمیزی ہوئی ہے۔

ویڈیو بنانے والے شخص نے جب خاتون سے سارا واقع پوچھنا چاہا تو خاتون نے اس سے بھی بدتمیزی کی اور کسی قسم کا کوئی جواب دینا مناسب نہ سمجھا۔ تاہم اب لاہور میں شہری کی جانب سے تھانہ اسلام پورہ میں درخواست جمع کروائی گئی ہے کہ پنجابی زبان کی توہین کرنے والی خاتون کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں