پنجاب حکومت کا 2 مارچ کو بلوچ ڈے منانے کا فیصلہ

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے بلوچستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کی غرض سے بلوچ ڈے بنانے کی منظوری دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 21 فروری 2020 11:39

پنجاب حکومت کا 2 مارچ کو بلوچ ڈے منانے کا فیصلہ
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-21فروری2020ء) پنجاب حکومت نے 2 مارچ کو بلوچ ڈے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے بین الصوبائی ہم آہنگی کی جانب اہم قدم اٹھایا ہے۔صوبائی حکومت نے سرکاری سطح پر دو مارچ کو بلوچ دن منانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے لاہور شہر سمیت چھ دیگر شہروں میں تقاریب کا انعقاد ہوگا۔متوقع طور پر وزیراعلی بلوچستان بھی لاہور کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔

مصدقہ ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے بلوچستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کی غرض سے بلوچ ڈے بنانے کی منظوری دی ہے۔بلوچ ڈے کی استقبالیہ تقاریب کا آغاز 27 فروری سے ہوگا۔لاہور، ڈیرہ غازی خان ،تونسہ ،بارتھی راجن پور اور فورٹ منرو میں تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پنجاب میں بلوچ ڈے منانے اور بلوچ کلچر کو متعارف کرانے کے لیے بلوچستان حکومت بھی پنجاب حکومت کے ساتھ معاون کردار ادا کرے گی۔

دو مارچ کو بلوچ ڈے کی تقریب لاہور میں ہوں گی اور توقع ہے کہ وزیر اعلی بلوچستان بھی وزیر اعلی پنجاب کے ہمراہ تقریب میں شریک ہوں گے۔ اس سے قبل بھی لاہور میں اکثر ایسی تقاریب کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں بلوچ کلچر کو متعارف کرایا جاتا ہے۔بلوچ کی ثقافت اور کھانوں کو بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔بلوچستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے لئے یہ اہم قدم اٹھایا جارہا ہے جس کے تحت پنجاب میں بلوچ ڈے منایا جائے گا۔واضح رہے کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے۔بلوچستان میں کئی خوبصورت مقامات ہیں جس کی سیر کرنے کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر سے سیاح بلوچستان کا رُخ کرتے ہیں۔سیاحوں کی طرف سے بلوچستان کی ثقافت کو بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں