پی ایس ایل فائیو، ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

ہفتہ 22 فروری 2020 00:15

لاہور۔21 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2020ء) ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5وکٹوں سے شکست دے دی۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنزبنائے۔ کرس لِین نے 39 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ملتان سلطانز نے مطلوبہ ہدف 17ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

کپتان شان مسعود 38 رنز بناکر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔تفصیلات کے مطابق ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کرس لِین اور فخر زمان پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے لاہور قلندرز کو59 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ کرس لِین کی19 گیندوں پر 39 رنز کی اننگز میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

(جاری ہے)

فخر زمان 2 چوکوں اور 1چھکے کی بدولت 19 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔

اوپنرز کے آؤٹ ہوتے ہی لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور اگلے سات بلے باز سکور بورڈ پر صرف 64 رنز کا اضافہ کرسکے۔ کپتان سہیل اختر نے 34 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ مقررہ 20 اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز تک پہنچایا ۔ملتان سلطانز کے معین علی، محمد الیاس اور عمران طاہر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں ملتان سلطانز نے کپتان شان مسعود اور مڈل آرڈر بیٹسمین رائیلی روسو کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت مطلوبہ ہدف 17ویں اوورکی پہلی گیند پرحاصل کرلیا۔

ا وپنر شان مسعود 4 چوکوں ا ور 1 چھکے کی مدد سے 38 رنز کی اننگز کھیل کرملتان سلطانز کے سب سے نمایاں بلے باز رہے۔رائیلی روسو نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔تجربہ کار آلراؤنڈر شاہد آفریدی نے ناقابل شکست 21 رنز بناکر ملتان سلطانز کو فتح دلادی۔ لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی ، ڈیوڈ یزے اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔میچ میں عمدہ باؤلنگ کرنے پر ملتان سلطانز کے عمران طاہر کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں