ْمعیشت کی تباہی کی قیمت قوم اور ملک کو ادا کرنا پڑرہی ہے، آنکھیں کھولنا ہوں گی‘شہبازشریف

قوم نے دیکھ لیا کہ گالیاں دینے سے ملک، صنعت، کاروبار، روزگار اور گھر نہیں چلتے،معیشت بچانے کیلئے فیصلہ قوم کو کرنا ہے

اتوار 23 فروری 2020 16:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے معاشی تباہی، مہنگائی بیروزگاری پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاکہ معیشت کی تباہی کی قیمت قوم اور ملک کو ادا کرنا پڑرہی ہے، آنکھیں کھولنا ہوں گی ۔غریب کا نہ کھوکھا بچا، نہ دکان، نہ فیکٹری نہ صنعت اور نہ ہی چھابڑی، نہ مکان،قوم نے دیکھ لیا کہ گالیاں دینے سے ملک، صنعت، کاروبار، روزگار اور گھر نہیں چلتے۔

معیشت بچانے کے لئے فیصلہ قوم کو کرنا ہے، قومی اتحاد کی ضرورت ہے ۔تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ خسارہ، تیز ترین قرض، کم ترین شرح ترقی معیشت کی تباہی کی علامتیں ہیں ۔مہنگائی 14 فیصد اور پالیسی ریٹ 13.25 فیصد کرنا ہی ملک دشمنی ہے ۔حکومتی فیصلے معیشت کے گلے کا پھندا بن گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

معیشت مررہی ہے اور عمران نیازی کی بے حسی عروج پہ ہے ۔ معیشت یونہی چلتی رہی تو پیچھے صرف پچھتاوا رہ جائے گا ۔

معیشت کی تباہی کا سانپ نکلنے کے بعد لکیرپیٹنے کا فائدہ نہیں ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ ملک اور عوام کنگال کر دئیے گئے ہیں ،صنعت بند ہے، ملک میں صرف سرکاری جھوٹ کے کارخانے چل رہے ہیں ۔عوام کے کاروبار پر تالے ہیں، آٹا، چینی چورمافیا، قوم کی جیب کاٹنے والوں کو کھلی چھٹی ہے۔قرضوں میں 12000 ہزار ارب روپے کا اضافہ لمحہ فکریہ ہے،ڈیڑھ سال میں ملک کی پھلتی پھولتی معیشت تباہ کر کے عوام کو غربت اور بے روزگاری کے اندھیروں میں دھکیل دیا گیا ہے۔آئندہ مالی سال میں ترقی کی شرح میں مزید کمی کروڑوں افراد کی بیروزگاری کا اعلان ہے ۔ایک کروڑ نوکریوں کا خواب دکھا کر کروڑوں لوگوں کو بیروزگار کردیاگیا ۔پچاس لاکھ گھروں کا سپنا دکھا کر اپنے گھر بچالئے، لاکھوں گرا دئیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں