وزیراعظم نے تقریرکے دوران بولنے والے نوجوان کو جھاڑ پلا دی

عمران خان آج نمل یونیورسٹی میں خطاب کررہے تھے کہ ایک نوجوان نے اونچی آواز میں وزیراعظم سے کچھ پوچھا، جس پر وزیراعظم نے کہا اگر اب تم بولے تو تھوڑی دیر کیلئے باہر چلے جاؤ، اس کو نہیں پتہ چلے گا کہ میں کیا باتیں کررہا ہوں۔ وزیراعظم عمران خان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 23 فروری 2020 20:21

وزیراعظم نے تقریرکے دوران بولنے والے نوجوان کو جھاڑ پلا دی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 فروری 2020ء) وزیراعظم عمران خان نے تقریرکے دوران بولنے والے نوجوان کو جھاڑ پلا دی، انہوں نے کہا کہ اگر اب تم بولے تو تھوڑی دیر کیلئے باہر چلے جاؤ، اس آدمی کو نہیں پتہ چلے گا کہ میں کیا باتیں کررہا ہوں۔ وزیراعظم عمران خان آج نمل یونیورسٹی کی تقریب سے خطاب کررہے تھے کہ وزیراعظم عمران خان ٹیلنٹ اور جنون کی بات کررہے تھے کہ جنون ہمیشہ دل سے آتا ہے، جنون ٹیلنٹ کو شکست دے دیتا ہے۔

اس لیے ہمیشہ دل کی مانو، میں نے ہمیشہ دل کی بات مانی اور دماغ کو اس طرف لگایا۔ اس دوران تقریب میں ایک نوجوان نے سوالیہ جملے ادا کیے جس پر وزیراعظم عمران خان نے اس کو جھاڑ پلاتے ہوئے کہا کہ اگر اب تم بولے تو تھوڑی دیر کیلئے باہر چلے جاؤ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس آدمی کو نہیں پتہ چلے گا کہ میں کیا باتیں کررہا ہوں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا ہے جب شیطان نے انسان کو سجدہ کرنے سے انکار کیا تو اللہ تعالیٰ نے اسے کہا کہ میں نے انسان کو وہ طاقت دی ہے کہ جو تمہیں حاصل نہیں، اللہ نے انسان کو سب سے عظیم مخلوق بنایا، ہم اپنی زندگی بسر کر لیتے ہیں لیکن ہمیں اس کا علم نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ مقصد ہر انسان کے دل میں ہوتا ہے، دل جو کہتا ہے دماغ اسی طرف جاتا ہے۔ میں نے اپنی زندگی میں جو بھی فیصلے کیے وہ صرف دل کے مان کر کیے۔ 9سال کی عمر میں کرکٹ کھیلنے کا عزم کیا کبھی ناکامی کا خوف نہیں رہا پھر اسی جذبے سے ہسپتال بنایا اور پاکستان کو قائداعظم کی جدوجہد اور اقبال کے خواب کے مطابق ملک بنانے کا سوچا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مدینہ دنیا کی پہلی اسلامی فلاحی ریاست ہے جو آج تک پوری دنیا کے لئے رول ماڈل ہے۔

اسی بنیاد پر برصغیر کے مسلمانوں نے الگ ملک حاصل کیا تھا، اس کے اصول مدینہ کے فلاحی ریاست کے اصولوں پر تھے، دنیا نے جس ملک نے بھی یہ اصول اپنائے اس نے کامیابی حاصل کی۔ چین نے 30سال میں اپنی عوام کو غربت سے نکالا اور آج وہ دنیا کا تیزی سے ترقی کرتا ملک بن گیا ہے، ہم نے اپنا قبلہ درست کرتا ہے، سائنس کبھی دو سوالوں کے جواب نہیں دے سکتی، ایک زندگی کا مقصد اور دوسرا موت کے بعد کیا ہو گا۔

اس کا جواب صرف مذہب میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے سب سے زیادہ نعمتیں نبی کریمؐ کو بخشیں، ان سے کامیاب انسان دنیا میں نہ کوئی آیا اور نہ کوئی آئے گا۔ میں جب بھی دیکھتا ہوں تو نوجوانوں نے بل گیٹس اور ڈونلڈ ٹرمپ کی کتابیں اٹھائی ہوتی ہیں کہ کیسے دولت بنانی ہے لیکن نبیؐ کے اسوہ حسنہ سے سیکھنے میں کامیابی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنے دل کی مانیں، جنون دل سے آتا ہے، اگر صلاحیت اور جنون کا مقابلہ ہو تو ہمیشہ کامیابی جنون کی ہوتی ہے۔

نوجوان کامیابی کے راستے پر نکلیں تو اپنی کشتیاں جلا دیں۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں اتنی صلاحیت دی ہے کہ وہ ہر کام کر سکتے ہیں۔ مشکل وقت آپ کو سکھانے کے لئے آتا ہے، جو اپنی غلطیوں سے سیکھتا ہے وہ کبھی ناکام نہیں ہوتا، خود کو چیلنجز دینے والے ہی زندگی میں آگے بڑھتے ہیں۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے ناطے آپ کو عام آدمی پر فوقیت حاصل ہے، برے وقت میں شارٹ کٹ کا نہیں سوچتا۔

انسان کو کبھی ہار نہیں ہراتی بلکہ حوصلہ ہارنے سے وہ ہارتا ہے۔ برے وقت سے کبھی خوفزدہ نہیں ہونا، کامیابی کا راز اس سے سیکھنا اور نکلنا ہے جب تک آپ اپنی جدوجہد جاری رکھتے ہیں اور ایک منزل کے بعد دوسری منزل حاصل کرتے ہیں تو آپ ترقی کرتے ہیں لیکن جب آپ نے اس کو ترک کر دیا تو پھر ناکامیابیوں کے دروازے کھلتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں