پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے تنظیمی کنونشن برائے حلف برداری عہدے داران کی مشترکہ قرارداد

اتوار 23 فروری 2020 21:45

لاہور۔23 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2020ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے زیر اہتمام وسطی پنجاب کی ہزاروں تنظیموں کے عہدے داروں سمیت باشعور اور محب وطن پاکستانی عوام کا یہ نمائندہ اجتماع کشمیری خواتین کے ’’یوم مزاحمت‘‘ کے موقع پر بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے غیور بزرگوں، مائوں، بہنوں، جوانوں اور بچوں کے لازوال و بے مثال عزم و حوصلے کو سلام پیش کرتا ہے۔

یہ اجتماع موجودہ بھارتی حکومت کے 5 اگست 2019ء کے غیر قانونی اقدام کی شدید ترین مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری، بالخصوص حقوق انسانی کی تنظیموں سے مطالبہ کرتا ہے کہ مظلوم، دلیر اور غیور کشمیری عوام پر بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے مسلسل جاری بربریت کا فی الفورنوٹس لیا جائے۔

(جاری ہے)

قرارداد میں کہا گیا کہ یہ اجتماع اقوام متحدہ کی قراردادوں، بین الاقوامی قوانین اور دو طرفہ معاہدوں کی روشنی میں کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادی کے حصول کے لئے مقبوضہ کشمیر میں فوری طور پر آزادانہ استصواب رائے کروانے کا مطالبہ کرتا ہے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ یہ اجتماع بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران خان کی زیرِقیادت حکومت و ریاست پاکستان کی مسئلہ کشمیر پر مجاہدانہ پالیسی اور جنرل اسمبلی سے تاریخی خطاب سمیت بین الاقوامی سطح پر اٹھائے گئے تمام اقدامات کا بھرپور انداز میں خیر مقدم کرتا ہے۔یہ اجتماع ملک کے تمام اہل دانش، تاجر حضرات، بزنس کمیونٹی، مختلف سیاسی جماعتوں اور حکومتوں سمیت معاشرے کے اہم طبقات کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر اٹھائے گئے تمام تر اقدامات کو سراہتا ہے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ عظیم حریت رہنما، عزیمت کے کوہ گراں سید علی گیلانی اور دیگر تمام کشمیری حریت پسند رہنماؤں کو یہ اجتماع سلام عظمت پیش کرتا ہے، قراردادمیں کہا گیا کہ یہ اجتماع کشمیر اور پاکستان کے کونے کونے سے تعلق رکھنے والے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ کشمیر کے اس اہم ترین مسئلہ کو اپنے اپنے ملکوں کے پارلیمانی اور سیاسی نمائندوں کے سامنے پرزور طریقے سے پیش کریں۔قرارداد میں کہا گیا کہ یہ اجتماع ترکی، ملائیشیا، ایران، یورپی یونین، او آئی سی اور دیگر دوست ممالک و تنظیموں کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر سفیر کشمیر وزیراعظم عمران خان کے موقف کی بھر پور تائید پر ان ممالک و تنظیموں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں