بلاول بھٹو پہلے نوازشریف اور بے نظیربھٹو کے میثاق جمہویت کو دیکھ لیں پھر بات کریں‘ رانا مشہود

نیب کی جانب سے لیگی رہنمائوں کے کیسز میں تاخیری حربے استعمال کئے جا رہے ہیں ‘ میڈیا سے گفتگو

پیر 24 فروری 2020 19:42

بلاول بھٹو پہلے نوازشریف اور بے نظیربھٹو کے میثاق جمہویت کو دیکھ لیں پھر بات کریں‘ رانا مشہود
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق صوبائی وزیر رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ نیب کی جانب سے شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کیس میں تاخیری حربے استعمال کئے جا رہے ہیں ،ایسے ہی حربے خواجہ سعد رفیق اور حمزہ شہباز کے کیسز میں بھی کئے جارہے ہیں جو افسوسناک ہے ،نیب کا زور گرفتاریوں پر ہوتا ہے وہ گرفتاریوں کے بعد عدالتوں کو کچھ نہیں دکھا سکتے ۔

پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ نیب کی حراست میں بے گناہ سیاسی قیدیوں کا کون ذمہ دار ہے ،نیب کو صرف اپوزیشن کے رہنمائوں کی زبان بندی کے لئے استعمال کیاجارہاہے ،عمران خان بارہ موسموں کی بات کرتے ہیں ان کو ہر ماہ آٹا چوری ،چینی چوری ،کسان کو بدحال اور ٹیکے لگا کر حوروں کا موسم نظر آتاہے ،عمران خان عوام پر رحم کھائیں ، عوام پر تاریخی مہنگائی کا بم گراد یا گیا ہے اور مہنگائی میں کمی ہوتی ہوئی نظر نہیں آرہی ،آج معیشت کاجو حال کر دیا ہے لوگ گلیوں ،چوکوں اورچوراہوں میں بددعائیں کررہے ہیں ،عمران خان نے عدم برداشت کی سیاست کو فروغ دیا ہے ،کل یونیورسٹی میں عمران خان نے طالب علم کی بات کا جواب نہیں دیا اور عدم برداشت کا مظاہرہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ عمران خان معاشرے کو ایسے مقام پر لے آئے ہیںکہ لوگ سوچ رہے ہیں کل روٹی ملے گی یا نہیں، عوام آٹے کی کمیشن رپورٹ کا انتظار کررہے ہیں ،میٹنگز میں کہتے جہانگیر ترین نے کچھ نہیں کیا ،آپکی اے ٹی ایم کا قوم خمیازہ بھگت رہی ہے ،زمان پارک میں گھر پر 12کروڑ روپے لگایاگیا بتایا جائے کہاں سے پیسہ آیا اس کی رسیدیں دکھائیں ،اب آپ کی ہر چیز کی رسیدیں چیک ہوں گی ،بے ضمیروں کو ہٹ کریں گے پھر دوسری بات کریں گے ،اٹارنی جنرل خالد جاوید نے اچھا فیصلہ کیا جسٹس فائز عیسیٰ کیس میں پیش نہیں ہوئے ، حکومت ججوں کی جاسوسی کررہی ہے یہی بات تو ہم چیختے ہیں ،حکومت پاکستان کیلئے سکیورٹی رسک بن چکی ہے ،عدلیہ کو سابق اٹارنی جنرل کا نوٹس لینا چاہیے ،وفاقی وزیر قانون اور وزیر اعظم کو استعفیٰ دے دینا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ اداروں میں مداخلت اور در اندازی کی جا رہی ہے ،وزیر اعظم کو استعفیٰ دے کر قوم سے معافی مانگنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے جو بات کی پہلے وہ نوازشریف اور بے نظیربھٹو کے میثاق جمہویت کو دیکھ لیں پھر بات کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں