وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی کی ملاقات

پاکستان اورایران کے درمیان سیاحت اورثقافت کے شعبوں میں بہترین تعلقات کا سکوپ موجود ہے ‘عثمان بزدار پاکستان اورایران مذہبی ،ثقافتی اورتاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں،مشکل حالات میں دونوں ملکوںنے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے‘ایرانی سفیر

منگل 25 فروری 2020 17:56

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی کی ملاقات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے ملاقات کی ،ملاقات میںباہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایران میں کرونا وائرس کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث برادر ملک ایران میں بعض شہریوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ ہوا ہے ۔

ہماری ہمدردیاں ایرانی بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔امید ہے کہ ایران میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال میںجلد بہتر ی آئے گی۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اور ایران کے تعلقات کی نوعیت غیر معمولی ہے۔

(جاری ہے)

پاک ایران تعلقات برسوں سے محبت کے رشتے میں جڑے ہوئے ہیں۔پاکستان اورایران کے باہمی تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید بہتر ہورہے ہیں ۔

پاکستان اورایران کے درمیان سیاحت اورثقافت کے شعبوں میں بہترین تعلقات کا سکوپ موجود ہے ۔پنجاب میںسیاحت کو فروغ دینے کیلئے بے مثال اقدامات اٹھائے ہیں اورہم کئی علاقے سیاحت کے حوالے سے ڈویلپ کررہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سیاحت کا فروغ دونوں ملکوں میں تعلقات بڑھانے میں ممدومعاون ثابت ہوگا۔ایران کے سفیرنے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ایران کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورایران مذہبی ،ثقافتی اورتاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں ۔

مشکل حالات میں دونوں ملکوںنے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے ۔پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزیدفروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں اضافہ ہوگا۔لاہور میں ایران کے قونصل جنرل محمد رضا ناظری ،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں