بلوچستان کے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار اور سرکاری ملازمتوں میں پورا حصہ دیا جائے: مونس الٰہی

پاکستان مسلم لیگ کا بلوچستان سے گہرا قلبی رشتہ ہے، چودھری شجاعت حسین نے بطور وزیراعظم پہلی بار حقوق بلوچستان پارلیمانی کمیٹی قائم کی ،کالا باغ ڈیم سے بلوچستان کو بھی فائدہ پہنچے گا، ایکو فرینڈ بلوچستان ماحولیاتی آلودگی اور کرونا وائرس بارے آگاہی مہم چلائے: وفد سے گفتگو

منگل 25 فروری 2020 20:12

بلوچستان کے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار اور سرکاری ملازمتوں میں پورا حصہ دیا جائے: مونس الٰہی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 فروری2020ء) پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ بلوچستان کے حقوق اور پاکستان کی ترقی میں اس اہم صوبہ کے کردار کو بھرپور اہمیت دی ہے، آج بھی بلوچستان میں یوم پاکستان پر سب سے بڑی تقریبات کا اہتمام پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ بلوچستان کے تحت کیا جاتا ہے، ہماری جماعت کی قیادت کا بلوچستان کے عوام سے گہرا قلبی رشتہ ہے، چودھری شجاعت حسین نے بطور وزیراعظم بلوچستان کے حقوق اور اس کے مسائل کے حل کیلئے تاریخ میں پہلی مرتبہ حقوق بلوچستان پارلیمانی کمیٹی قائم کی تھی۔



ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی نے پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کے ایک وفد سے لاہور میں ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

وفد ڈاکٹر رفیع اللہ، برات جان، عبدالھادی اور حمید خان اچکزئی پر مشتمل تھا۔ اس موقع پر رضوان ممتاز علی، سید شاکر حسین شاہ اور صدر پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ سید بلال شیرازی بھی موجود تھے۔

مونس الٰہی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ بلوچستان کے بڑے مسائل میں پانی، نوجوانوں کیلئے روزگار اور توانائی کے وسائل کی فراہمی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں کالا باغ ڈیم کی وکالت بلوچستان کیلئے بھی کرتا ہوں کیونکہ اس ڈیم سے بلوچستان کو بھی علیحدہ بیراج کے ذریعے پانی فراہم کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع اور سرکاری ملازمتوں میں پورا حصہ ملنا چاہئے۔ مونس الٰہی نے پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کی تنظیم سازی جلد شروع کرنے اور صوبہ میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور شرکت کا بھی اظہار کیا۔ اس موقع پر ماحولیاتی مسائل کے انسداد کیلئے قائم کردہ ایکو فرینڈز پاکستان کی بلوچستان شاخ کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا۔ بلوچستان میں کرونا وائرس کے حوالے سے مونس الٰہی نے ایکو فرینڈز بلوچستان کو بھرپور آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں