پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے نبٹنے کی تیاری شروع کردی

وزیراعلیٰ پنجاب نے سازوسامان خریدنے کیلئے236 ملین روپے جاری کردیئے، ایئرپورٹس پرمسافروں کی اسکریننگ سمیت پنجاب بھر میں تشخیص کی سہولیات میسر ہوں گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت محکمہ صحت کا اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 27 فروری 2020 17:19

پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے نبٹنے کی تیاری شروع کردی
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 فروری 2020ء) پنجاب حکومت نے کورونا وائرس نبٹنے کیلئے تیاری شروع کردی، وزیراعلیٰ پنجاب نے سازوسامان خریدنے کیلئے236 ملین روپے جاری کردیئے، ایئرپورٹس پرمسافروں کی اسکریننگ کی سمیت پنجاب بھر میں تشخیص کی سہولیات میسر ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیرصدارت محکمہ صحت کے ذمہ دران کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کابینہ کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔

کمیٹی روزانہ میٹنگ کرکے صورتحال کا جائزہ اوراقدامات تجویز کرے گی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے وائرس سے متعلقہ ضروری سازوسامان منگوانے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سازوسامان خریدنے کے لیے236 ملین روپے جاری کردیئے۔

(جاری ہے)

عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے سہولت موجود ہے۔ ایئرپورٹس پر بھی مسافروں کی اسکریننگ کے لیے محکمہ صحت کا عملہ تعینات ہے۔

مزید برآں ایگزیکٹو ڈائریکٹر قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) میجر جنرل ڈاکٹر عامر اکرام نے کہا ہے کورونا وائرس سے اموات کی شرح دو فیصد سے بھی کم ہے۔صحافیوں سے گفتگو میں میجر جنرل ڈاکٹر عامر اکرام نے کہا کہ اس قسم کی وبائی صورت حال میں ہمیں خوف کو کنٹرول کرنا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے دو افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے لیکن دونوں متاثرہ افراد صحتیاب ہو رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ اسلام آباد میں زیر علاج متاثرہ شخص کے اہلخانہ کے ٹیسٹ کر لیے ہیں جو منفی آئے ہیں۔سربراہ این آئی ایچ نے کہا کہ ایران میں اب تک 5 ہزار پاکستانی زائرین موجود ہیں، ایران کے کورونا وائرس کے اعلان سے پہلے کچھ زائرین واپس آچکے تھے۔انہوںنے کہاکہ ایران سے آنے والوں کو گھروں میں ہی الگ تھلگ رکھنے کی سفارش کی ہے، گھروں میں رکھے گئے افراد کو ڈاکٹرز چیک کرتے رہیں گے، اگر کسی میں کورونا وائرس کی کوئی علامت ظاہر ہوتی ہے تو اسے ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ کا کہنا تھا کہ ہر دوسرے تیسرے بندے کو زکام وغیرہ ہو جاتا ہے، ضروری نہیں کہ وہ کورونا ہی ہو۔میجر جنرل ڈاکٹر عامر اکرام نے کہا کہ کسی بھی وبائی مرض میں سب سے بہتر علاج احتیاط ہوتی ہے، خود کو پاک صاف رکھنے سے بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ملک میں ماسک کی کمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے قومی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ماسک سمیت دوسرے سامان کی برآمد پر پابندی لگائی گئی تھی، حکومت نے ماسک کی کمی کا نوٹس لیا ہے، ماسک تیار کرنے والے مقامی افراد سے کہا ہے کہ حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں