لاہورکے21 ہسپتالوں میں کرونا وائرس سے بچاؤ کا سامان غائب ہوگیا

ریاست مدینہ کے سب سے بڑے صوبے میں ہزاروں اوورہال، خصوصی ماسک، عینکیں اور جوتے غائب ہوگئے، لیکن پھر بھی آپ گھبرانا نہیں۔ ن لیگ کے مرکزی رہنماء مشاہد اللہ خان کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 28 فروری 2020 19:59

لاہورکے21 ہسپتالوں میں کرونا وائرس سے بچاؤ کا سامان غائب ہوگیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 فروری 2020ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ لاہور کے21 ہسپتالوں میں کرونا وائرس سے بچاؤ کا سامان غائب ہوگیا،ریاست مدینہ کے سب سے بڑے صوبے میں ہزاروں اوورہال،خصوصی ماسک، عینکیں اور جوتے غائب ہوگئے، لیکن پھر بھی آپ گھبرانا نہیں۔ ن لیگ کے سینئر مرکزی رہنماء مشاہد اللہ نے مائیکروبلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ریاست مدینہ کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے 21 اسپتالوں کو بھیجا گیا قیمتی سامان غائب، 33 ہزار اوورہال، 4 ہزار خصوصی ماسک، 3300 عینکیں اور 7600 جوتے غائب لاپتہ، لیکن آپ گھبرانا نہیں۔

دوسری جانب قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ لاہور کے ہسپتالوں کیلئے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے یہ تمام سامان موجودہ فنڈز میں سے نہیں لیا گیا تھا بلکہ یہ وہ سامان ہے جو ڈینگی کے وقت پچھلے سال ہسپتالوں کو فراہم کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

کورونا وائرس کے خصوصی لباس فی الحال ہسپتالوں میں موجود نہیں۔ نئے لباس منگوائے جا رہے ہیں۔

ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور عملے سے خصوصی ڈریس کی واپسی کیلئے رابطہ کیا گیا تھا جس پر ان کا کہنا ہے کہ ان کے پاس کچھ بھی نہیں ہے۔دریں اثناں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے حفاظتی ماسک کی قلت اور قیمتوں میں بلاجواز اضافے کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی انتظامیہ اور محکمہ صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور حفاظتی ماسک کی دستیابی مقررقیمت پر یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ حفاظتی ماسک کی قلت دور کرنے کے ساتھ مقرر قیمت پر عوام کو فراہمی کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے۔ کسی کو حفاظتی ماسک کی قیمت میں بلاجواز اضافہ کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ حفاظتی ماسک کی وافر دستیابی کو یقینی بنائے اور فیلڈ میں نکل کر صورتحال کا خود جائزہ لے جبکہ حفاظتی ماسک کی مزید خریداری کیلئے بھی فی الفور اقدامات کئے جائیں ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کو کسی قسم کی دقت نہیں ہونی چاہیئے اور عوام کے مفاد میں ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں