عمران خان میں کورونا وائرس مثبت ہونے کی خبر چلوانے والے کردار سامنے آ گئے

یہ خبر غلطی سے نہیں چلی بلکہ چلوائی گئی،اس خطرناک کھیل میں کچھ دانشور اور اپوزیشن رہنما شامل ہیں۔صابر شاکر کا دعویٰ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 29 مارچ 2020 13:11

عمران خان میں کورونا وائرس مثبت ہونے کی خبر چلوانے والے کردار سامنے آ گئے
لاہور (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مارچ 2020ء) برطانوی میڈیا نے دو روز قبل وزیراعظم عمران خان سے متعلق ایک خبر دی جس میں انہوں نے بتایا کہ عمران خان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے تاہم بعد میں اس خبر کی تردید بھی کردی۔اسی حوالے سے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے سینئر صحافی صابر شاکر کا کہنا ہے کہ یہ خبر غلطی سے نہیں چلی بلکہ چلوائی گئی تھی۔اس وقت میڈیا میں کچھ لوگوں کے اپنے مفادات ہیں۔

وہ ان خبروں کو ہوا دے رہے ہیں۔پہلے یہ خبر چلوائی گئی کہ وزیراعظم عمران خان کو کورونا وائرس ہوگیا ہے، یہ خبر اس وقت چلوائی گئی جب وہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سمیت تمام وزراء بھی موجود تھے۔یہ خبر پہلے چلوائی گئی،بعدازاں اس کی تردید بھی خود ہی کروادی اور کہا گیابرطانوی وزیراعظم کی جگہ عمران خان کا نام لکھا گیا۔

(جاری ہے)

اس طرح سے یہ ایک خطرناک کھیل کھیلا جا رہا ہے۔اس کھیل میں ہمارے کچھ دانشور دوست اور کچھ اپوزیشن کے لوگ شامل ہیں جن کے اپنے مفادات ہیں۔ان سے بس یہی گزارش ہے کہ کہ پوری زندگی سیاست کرنے کے لئے پڑی ہے اس وقت ایسا مت کریں۔خیال رہے کہ برطانوی سیٹلائٹ چینل کی جانب سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بحث چھڑگئی تھی، سیٹلائٹ چینل نے ٹیکر چلایا تھا کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

پاکستان تحریکِ انصاف نے برطانوی میڈیا پر چلنے والی وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبروں کی تردید کی تھی۔ رہنما پاکستان تحریکِ انصاف اور وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ برطانوی سیٹلائٹ چینل نے برطانوی وزیراعظم کا نام لکھنا تھا غلطی سے وزیراعظم عمران خان کا نام لکھ کر غلط خبر چلا دی کہ ان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، خان صاحب بلکل ٹھیک ہیں۔ اور ابھی تھوڑی دیر پہلے دفتر سے گھر گئے ہیں''۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں