بروقت اقدامات نہ کرنے سےہلاکتوں کی ذمہ داری وزیراعظم پرہوگی، شہباز شریف

حکومت نے بہت سارا قیمتی وقت سوچ بچار اور شش وپنج میں ضائع کردیا، پوری قوم کو مشکل چیلنج کا سامنا ہے، لیکن اللہ پاک کی مدد سے چیلنج پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ صدر ن لیگ شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 29 مارچ 2020 20:33

بروقت اقدامات نہ کرنے سےہلاکتوں کی ذمہ داری وزیراعظم پرہوگی، شہباز شریف
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مارچ 2020ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بروقت اقدامات نہ کرنے سے ہلاکتوں کی ذمہ داری وزیراعظم پر ہوگی، حکومت نے بہت سارا قیمتی وقت سوچ بچار اور شش وپنج میں ضائع کردیا، حکومت کو کورونا وباء پر قابو پانے کیلئے فوری مزید اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے اجلاسوں کی صدارت کی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے شہبازشریف کو بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ نئے وزیراعظم ہاوس کو کورنٹین سینٹر بنا دیا ہے۔ اسی طرح آفیسرز کلب، ہوٹلز، ریسٹ ہاوسز کو آئیسولیشن سینٹرز اور کورنٹین مراکز میں بدل دیا ہے۔

(جاری ہے)

کورونا کے مقابلے کے لئے اقدامات پر اپنے وسائل سے ساڑھے 15 کروڑ اب تک خرچ کرچکے ہیں۔ کوٹلی، مظفرآباد میں ٹیسٹنگ لیبارٹریاں بنا چکے ہیں۔

راولاکوٹ میں بھی کل تک لیبارٹری بن جائے گی۔ آزاد جموں وکشمیر میں ڈاکٹرز ، طبی عملے کو اپنے وسائل سے حفاظتی لباس، ماسک اور سینیٹائزرز مہیا کرچکے ہیں۔ اس موقع پر شہباز شریف نے خطاب میں کہا کہ اس وقت پوری قوم کو مشکل چیلنج کا سامنا ہے، لیکن اللہ پاک کی مدد اور بروقت حکمت عملی سے اس چیلنج پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بہت سارا قیمتی وقت سوچ بچار اور شش وپنج میں ضائع کردیا۔

بروقت اقدامات نہ کرنے سے ہلاکتوں کی ذمہ داری وزیراعظم پر ہوگی۔ دوسری جانب معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1526ہوگئی ہے، ان میں 857کیسز ایران سے آئے ہیں۔ قرنطینہ سینٹرز میں 4 ہزار 365 افراد کے ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔ پنجاب 558، سندھ 481، خیبرپختونخواہ 188، بلوچستان138، گلگت116، اسلام آباد 34 اور آزاد کشمیر میں 2افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ملک میں اب تک 13افراد کورونا سے جاں بحق ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔جاں بحق افراد میں ایک کا تعلق لوئر دیر اور ایک کا کراچی سے ہے۔11افراد کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ پاکستان میں28مریض مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں