وزیر اعظم کے دورہ لاہور میںمخیر حضرات کا کروڑوں روپے ریلیف فنڈ میں جمع کراناحکومت پر اعتماد ہے‘ نعمان لنگڑیال

عمران خان دوراندیش لیڈر ہیں ،ان کامکمل لاک ڈائون نہ کرنے کا فیصلہ درست تھا ‘ وزیر زراعت پنجاب حکومت کسانوں سے انکی فصل کا دانہ دانہ خریدے گی،ادائیگی میں کسی طرح کی غیر ضروری تاخیر نہیں ہو گی‘ کسانوں کو پیغام

اتوار 5 اپریل 2020 15:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2020ء) صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے صرف ایک روزہ دورہ لاہور کے دوران مخیر حضرات نے کروڑوں روپے وزیر اعظم کورونا ریلیف فنڈ میں جمع کرائے ہیں جوحکومت پر اعتماد کا اظہارہے ،بھارت میں مکمل لاک ڈائون سے انسانی المیے کی صورتحال سے ثابت ہو گیا کہ وزیر اعظم عمران خان دوراندیش لیڈر ہیں اور ان کامکمل لاک ڈائون نہ کرنے کا فیصلہ درست تھا ،آج ہم حالت جنگ میںہیںاوریہ ایسی جنگ ہے جس میں ہمیں بندوق اٹھا کرسرحدوں کی طرف جانے کی بجائے خود کو گھروں تک محدود رکھ کر اسے جیتنا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ کے متحرک رہنمائوں اور کارکنوں سے موجودہ حالات کے تناظر میں کی گئی مشاورت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نہ صرف اپنی قوم کی قیادت کر رہے ہیں بلکہ انہیں ہر لمحے حالات سے آگاہی بھی دے رہے ہیں ۔ مستحق طبقات کو کورونا وائرس کے منفی اثرات سے بچانے کیلئے حکومت دن رات کوشاں ہے اور قوم سے وعدہ ہے کہ انہیں کسی بھی صورتحال میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ بلکہ بیرونی دنیا بھی وزیر اعظم عمران خان پر اعتماد کرتی ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان کے ایک روزہ دورہ لاہور کے دوران مخیر حضرات کی جانب سے کروڑوں روپے وزیر عظم کورونا ریلیف فنڈ میں جمع کرائے گئے ہیں جبکہ لاکھوں روپے مالیت کی اشیائے خوردونوش اس کے علاوہ ہیں۔ علاوہ ازیں کسانوں کے نام اپنے پیغام میں وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال نے کہا کہ کسان اپنی تمام تر توجہ گندم کی فصل کی کٹائی پر مرکوز رکھیں اور اس دوران کورونا وائرس سے بچائو کیلئے حفاظتی تدابیر پر بھی سختی سے عمل پیرا ہوں ۔ حکومت کسانوں سے ان کی فصل کا دانہ دانہ خریدے گی اور ادائیگی میں کسی بھی طرح کی غیر ضروری تاخیر نہیں ہو گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں