پاکستان ریلوے کا کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر ڈی ایس آفس سمیت بڑے اسٹیشنوں پر ڈی انفیکشن گیٹ لگانے کا فیصلہ

اتوار 5 اپریل 2020 21:40

لاہور۔5 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2020ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد جانب سے کورونا کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ملتان شعیب عادل نے کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر ڈی ایس آفس اور بڑے اسٹیشنوں پر ڈی انفیکشن گیٹ لگانے کا فیصلہ کر لیا،ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ شعیب عادل کی ہدایت پر ملتان ڈویژن کے سٹاف نے ڈی انفیکشن گیٹ کا ماڈل بھی تیار کرلیا ہے‘ ترجمان ریلوے کے مطابق ریلوے ملتان ڈویژن سے گزرنے والی فریٹ ریل گاڑیوں کے ملازمین کی سکریننگ اور ریلوے دفاتر و کالونیوں میں جراثیم کش سپرے کا عمل بھی جاری ہے‘ ملازمین کو کورونا وائرس کے حوالے سے جاری ہیلتھ گائیڈ لائنز پر عمل پیرا ہونے کا بھی کہا گیا ہے تاکہ اس موذی مرض سے بچا جا سکے ‘ انہوں نے کہا کہ ڈویژنل سپرنٹینڈنٹ ریلوے ملتان شعیب عادل کی ہدایت پر ریلوے سٹاف نے دو دن میں ڈی انفیکشن گیٹ تیار کر لیا، باقی تمام ڈویژنوں میں سے سب سے پہلے ملتان ڈویژن نے کم خرچ پر اپنی مدد آپ کے تحت کرونا سے بچاؤ کیلئے ڈی انفیکشن گیٹ بنایا ہے، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے ملتان شعیب عادل نے گزشتہ روز ماڈل ڈی انفیکشن گیٹ کا معائنہ کیا اور ڈی ایم ای رانا عمران اور تمام سٹاف کی تعریف کی، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ شعیب عادل نے کہاکہ اس طرح کے 8 گیٹ بنائے جائیں گے جو کہ ڈی ایس آفس ، ملتان اسٹیشن، خانیوال، ساہیوال، بہاولپور، میں ٹرین سروس شروع ہوتے ہی لگا دئیے جائیں گے، اس کے بعد دوسرے مرحلے میں لوکوشیڈ، واشنگ لائن، رننگ روم میں بھی ایسے گیٹ لگائے جائیں گے ‘علاوہ ازیں ملتان ریلوے اسٹیشن سمیت ڈویژن بھر کے ریلوے اسٹیشنوں پر جراثیم کش سپرے اور صفائی کا عمل بھی جاری ہے جبکہ ڈی ایس آفس ملتان ڈویژن کی پرسانل برائچ، ورکس اکاؤنٹس برائچ، ٹیلی کام برائچ، ٹریفک برائچ، پراپرٹی اینڈ لینڈ برائچ ، اکاؤنٹ آفس اورڈی ایس آفس کی گیلریوں میں سینی ٹائزرز بھی لگا دیے گئے ہیں ‘ انہوں نے کہاکہ ریلوے کالونیوں میں بھی خصوصی طور پر سپرے کروانے کا سلسلہ بھی جاری ہے تاکہ ریلوے ملازمین کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھا جا سکے ‘ انہوں نے کہا کہ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ریلوے دفاتر آنے والے ضروری عملہ کو میل جول میں مناسب فاصلہ رکھنے اور بار بار ہاتھ دھونے کی تلقین بھی کی جا رہی ہے جبکہ ریلوے عملہ کو سختی سے کورونا وائرس کے حوالے سے جاری ہیلتھ گائیڈ لائنز پر عمل پیرا ہونے کا بھی کہا گیا ہے ‘ ریلوے ملتان ڈویژن سے گزرنے والی فریٹ ریل گاڑیوں کے ملازمین کی سکریننگ بھی کی جا رہی ہے ‘ملتان کینٹ اسٹیشن پر دو اے سی کوچز پر مشتمل عارضی کورونا کیئر اسپتال بھی قائم کیا گیا ہے - انہوں نے کہاکہ پاکستان ریلوے مشکل کی اس گھڑی میں ملازمین اور عوام کے ساتھ ہے، ٹرین سروس بند ہونے کی وجہ سے ریلوے نے بھاری نقصان بھی اٹھایا ہے تاہم وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید، پاکستان ریلویز چیئرمین حبیب الرحمان گیلانی، پاکستان ریلویز کے سینئر جنرل منیجر دوست محمد لغاری اور تمام ڈویژن کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کورونا سے بچاؤ کے لئے دن رات عملی اقدامات اٹھانے میں کوشاں ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں