جہانگیرترین کیخلاف انکوائری وزیراعظم نے کروائی، شفقت محمود

جہانگیرترین کا پرنسپل سیکرٹری اعظم خان پر الزام لگانا غیرمنطقی ہے، اب 25 اپریل کوکمیشن کی رپورٹ آئے گی تو سب واضح ہوجائے گا۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 7 اپریل 2020 22:27

جہانگیرترین کیخلاف انکوائری وزیراعظم نے کروائی، شفقت محمود
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اپریل 2020ء) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ کھل کرکہتا ہوں کہ جہانگیر ترین کیخلاف انکوائری وزیراعظم نے کروائی، جہانگیرترین کااعظم خان پر الزام لگانا غیرمنطقی ہے، اب 25 اپریل کو کمیشن کی رپورٹ آئے گی تو سب واضح ہوجائے گا۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جہانگیر ترین کے خلاف وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے کچھ نہیں کیا، میں کھلم کھلا کہتا ہوں کسی نے کچھ نہیں کیا، چینی کی قیمتیں بڑھی جو نہیں بڑھنی چاہیے تھیں۔

آٹے کا بحران پیدا ہوا جو نہیں ہونا چاہیے تھا۔ وزیراعظم نے فیصلہ کیا کہ اس سارے مسئلے کی انکوائری کرنی چاہیے، وزیراعظم نے فیصلہ کیا کہ انکوائری پبلک ہونی چاہیے۔ لہذا اب جہانگیر ترین کی جانب سے کسی اور پر الزام لگانے کی منطق سمجھ نہیں آتی۔

(جاری ہے)

مجھے اس لیے جہانگیرترین کا مئوقف غیرمنطقی لگ رہا ہے کہ سب کچھ وزیراعظم نے کروایا، اب 25 اپریل کوکمیشن کی رپورٹ بھی آجائے گی، اس میں سب واضح ہوجائے گا۔

اس لیے یہ کہنا کہ ایکس وائی زیڈ نے کیا غیرمنطقی ہے۔ واضح رہے جہانگیر ترین نے چینی بحران کی تحقیقاتی رپورٹ کو سیاسی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ چینی بحران کی رپورٹ کے پیچھے وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری کا ہاتھ ہے۔ اعظم خان مسلسل وزیراعظم عمران خان کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ وزیراعظم سے مسلسل رابطے میں ہوں ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ تحقیقاتی کمیٹی نے بنیادی سوالات کے جوابات نہیں دیے۔

گنے کی سپورٹ پرائس بڑھنے سے چینی کی قیمت میں اضافہ ہوا۔ 180روپے سپورٹ پرائس سے ایکس ملز ریٹ 65 روپے بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی برآمد کرنے کا فیصلہ اس صورت غلط ہوتا جب سٹاک نہ ہوتا۔ نومبر 2019ء میں چار لاکھ 57 ہزار ٹن چینی سرپلس تھی۔ سبسڈی کی رقم کسی کی جیب میں نہیں جاتی۔ چینی کی ایکسپورٹ بڑھنے سے ملکی برآمدات کو فائدہ ہوا۔ 3ارب کی سبسڈی سے ملک میں 30 ارب کا فائدہ ہوا۔ یوٹیلٹی اسٹورز کو 20 ہزار ٹن چینی 67 روپے میں فروخت کی۔67 روپے فی کلو چینی دے کر عوام کو 25 کروڑ روپے کا فائدہ پہنچایا۔67 روپے فی کلو چینی نہ دیتا تو یہ رقم 25 کروڑ روپے کورونا فنڈ میں جمع کروا دیتا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی کمیٹی کو چینی مہنگی کرنے کی دھمکی کی باتیں بے بنیاد ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں