سپریم کورٹ کے حکم پر خیبر پختونخوا اور پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز کھولنے کا فیصلہ

تمام سرکاری اورنجی ہسپتال اپنی او پی ڈیز فوری بحال کریں، ہسپتالوں میں کورونا وائرس کےعلاوہ بھی تمام مریضوں کوچیک کیاجائے: صوبائی حکومتوں نے نوٹیفکیشنز جاری کردیے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 8 اپریل 2020 23:28

سپریم کورٹ کے حکم پر خیبر پختونخوا اور پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز کھولنے کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اپریل2020ء) سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر خیبر پختونخوا اور پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے خیبر پختونخوا اور پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز کھولنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے بعد خیبر پختونخوا کی حکومت کی جانب سے ضروری او پی ڈیز کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے جاری کردی نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں اور ان کے تیمار داروں کی سکریننگ کو یقینی بنایا جائے۔ پنجاب میں بھی سپریم کورٹ کے حکم پر ہسپتالوں کی او پی ڈیز کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نے پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن کے سی ای او کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس مراسلے کے مطابق تمام سرکاری اورنجی ہسپتال اپنی او پی ڈیز فوری بحال کریں۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ہسپتالوں میں کورونا وائرس کےعلاوہ بھی تمام مریضوں کو چیک کیا جائے۔ یاد رہے کہ 31 مارچ 2020 کو خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صوبے کے تمام اسپتالوں میں او پی ڈیز بند کردی گئی تھیں۔ روز قبل ہسپتالوں کی بندش پر سپریم کورٹ نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا تھا کہ ان کی اہلیہ کی طبیعت خراب ہوئی تو انہیں ایک بڑا ہسپتال کھلوانا پڑا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ایسے وقت میں ہسپتال بند کردیے گئے ہیں جب ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ دوسری جانب ملک بھر میں کورونا وائرس کی467 مریض مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران208 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے کورونا وائرس کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد4,187 تک پہنچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 932، پنجاب میں2,132، بلوچستان میں210 اور گلگت بلتستان میں211، خیبرپختونخوا میں500، اسلام آباد میں83 اور آزاد کشمیر میں28 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی208 نئے کیس سامنے آئے جبکہ کورونا وائرس سے اب تک 58 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں،کورونا وائرس کی467 مریض مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں۔اب تک42,159 کے ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں جبکہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران3,076افراد کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں