وزارت سائنس ٹیکنالوجی کا ہسپتالوں میں ناکارہ وینٹی لیٹرز کو کارآمد بنانےکا فیصلہ

پاکستانی ہسپتالوں میں1000 سے زائد وینٹی لیٹر فنکشنل نہیں تھے، ان وینٹی لیٹرز کو کارآمد بنا کر کورونا مریضوں کیلئے استعمال کیا جائےگا۔ وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 10 اپریل 2020 15:47

وزارت سائنس ٹیکنالوجی کا ہسپتالوں میں ناکارہ وینٹی لیٹرز کو کارآمد بنانےکا فیصلہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اپریل 2020ء) وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے ہسپتالوں میں ناکارہ وینٹی لیٹرز کو کارآمد بنانے کا فیصلہ کرلیا، وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ پاکستانی ہسپتالوں میں 1000 سے زائد وینٹی لیٹر فنکشنل نہیں تھے، ان وینٹی لیٹرز کو کارآمد بنا کر کورونا مریضوں کیلئے استعمال کیا جائےگا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اہم اقدام اٹھایا ہے، جس کے تحت ملک کے سرکاری اور نجی ہسپتالوں کے ناکارہ وینٹی لیٹرز کو کارآمد بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے بتایا کہ وینٹی لیٹرز کارآمد بنا کر کورونا کے مریضوں کے لیے استعمال ہوں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں 1000 سے زائد وینٹی لیٹر فنکشنل نہیں تھے۔ خراب وینٹی لیٹر کی مرمت سمیت ٹیکنیکل ٹریننگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ فواد چودھری نے کہا کہ خوشی ہے پاکستانی نوجوان انجینئرز مشکل کی گھڑی میں ساتھ کھڑے ہیں۔

آج پاکستان اپنے وینٹی لیٹرز اور ٹیسٹنگ کٹس بنانے جا رہا ہے۔ جس کیلئے ڈریپ نے قانونی کارروائی مکمل کرلی ہے۔ مینوفیکچرنگ سے پہلے لائسنس کے عمل کا جلد آغاز ہوگا۔ فواد چودھری نے کہا کہ وزارت سائنس وٹیکنالوجی نے اپنے لوگوں میں خود اعتمادی پیدا کی۔ ہم مل کر کورونا کو شکست دیں گے۔ انشاء اللہ پاکستان کورونا کو شکست دینے والے ممالک میں سرفہرست ہوگا۔

اسی طرح گزشتہ روز بھی وفاقی وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ڈریپ نے کورونا کے مریضوں کے لیے وینٹی لیٹرز کے لیے برطانوی اسٹینڈرڈ اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ وینٹی لیٹرز کے مزید ڈیزائن انجینئرنگ کونسل اور ڈریپ کو موصول ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ڈریپ نے وینٹیلیٹرز کے لیے برطانوی اسٹینڈرڈ اپنانے کا فیصلہ کیا ہے، وینٹی لیٹرز کے حوالے سے تفصیلات ڈریپ کی ویب سائٹ پرمہیا کر دی گئی ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ کوالٹی کلیئرنس کا عمل مکمل ہوتے ہی وینٹی لیٹرز کے بنانے کا کام شروع ہو جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں