اداکارہ عظمیٰ خان نے ملک ریاض کی بیٹیوں پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کردیا

امبر ملک اور پشمینہ ملک اپنے 12مسلح محافظوں کے ساتھ رات کے وقت میرے گھر میں داخل ہوئیں، ہم پر تشدد کر کے ہراساں کیا گیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں، پولیس جلد از جلد میرا اور میری بہن کا طبی معائنہ کروائے: عظمیٰ خان کا ٹویٹ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 27 مئی 2020 18:11

اداکارہ عظمیٰ خان نے ملک ریاض کی بیٹیوں پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کردیا
لاہور ( اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی 2020ء ) اداکارہ عظمیٰ خان نے ملک ریاض کی بیٹیوں پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کردیا ہے، اداکارہ نے پولیس کو شکایت درج کروا دی ہے۔ عظمیٰ خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ رئیل اسٹیٹ بزنس مین ملک ریاض کی بیٹیاں امبر ملک اور پشمینہ ملک اپنے 12مسلح محافظوں کے ساتھ رات کے وقت انکے گھر میں داخل ہوئیں، ان پر اور انکی بہن پر تشدد کر کے انہیں ہراساں کیا گیا جبکہ انہیں بلیک میل بھی کرنے کی کوشش کی گئی۔

عظمیٰ خان نے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ امبر ملک اور پشمینہ ملک نے انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ اداکارہ نے پولیس سے اپیل کی ہے پولیس جلد از جلد انکا اور انکی بہن کا طبی معائنہ کروائے اس سے پہلے کہ انکے زخم بھرنا شروع ہوجائیں۔

(جاری ہے)

عظمیٰ خان نے مزید کہا ہے ہے کہ انہوں نے پولیس کو شکایتدرج کروا دی ہے، میری پولیس سے درخواست ہے کہ ایف آئی آر درج کر کے میرا اور میری بہن کا میڈیکل چیک اپ کروایا جائے۔

انہوں نے مزید لکھا ہے کہ میں بھی اتنی ہی پاکستانی شہری ہوں جتنے ملک ریاض پاکستانی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ انہیں انصاف کی امید ہے اور وہ انصاف حاصل کرنے کیلئے جدوجہد کریں گی۔ انہوں نے مزید بتایا ہے کہ انہوں نے اپنی لیگل ٹیم سے رابطہ کرلیا ہے جو انکا کیس لڑیں گی، انہوں نے کسی بھی معاملے کے حوالے سے معلومات کیلئے اپنی لیگل ٹیم کے اراکین سے رابطہ کرنے کا کہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں عظمیٰ خان اور انکی بہن نظر آرہے ہیں اور ایک خاتون انہیں ہراساں کرتے ہوئے ان پر الزامات لگا رہی ہیں۔ اس حوالے سے کچھ مزید تصاویر بھی سامنے آئی تھیں جن میں عظمیٰ خان اور انکی بہن کے زخمی پاؤں وغیرہ کی تصاویر جاری کرتے ہوئے الزام عائد کیا گیا تھا کہ ان پر تشدد کیا گیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں