حکومت معاشی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے مشاورت کے عمل کو فروغ دے ' پرویز حنیف

عوام کو کسی طور پر بھی سبزباغ دکھانے کی بجائے حقیقت سے آگاہ رکھا جائے ' چیئر پرسن سی ٹی آئی

اتوار 31 مئی 2020 12:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2020ء) کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہا ہے کہ حکومت معاشی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے مشاورت کے عمل کو فروغ دے ،ملک مشکل ترین معاشی حالات سے دوچار ہے اس لئے عوام کو کسی طور پر بھی سبزباغ دکھانے کی بجائے حقیقت سے آگاہ رکھا جائے ،ہر شعبہ تنزلی کا شکار ہے جس کی وجہ سے حکومت کو یقینی طور پر ٹیکس اہداف میں مزید کمی کرنا ہو گی ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کوآئندہ مالی سال کے بجٹ میں کسی بھی شعبے کو نظر انداز کرنے کی پالیسی کو ترک کرنا ہوگا ، پالیسیاں مرتب کرتے وقت صرف بند کمروں اور بیورو کریسی سے مشاورت تک محدود نہ رہا جائے بلکہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے تاکہ حکومت کو پالیسیوں کا نفاذ کرتے ہوئے مشکلات اور مزاحمت کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ان کے سو فیصد نتائج حاصل ہو سکیں،حکومت مشاورت کو فروغ دے کر آئندہ مالی سال کے بجٹ کو ترقی کا ٹول بھی بنا سکتی ہے جس کیلئے بڑے دل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ پرویز حنیف نے کہا کہ حکومت سے درخواست ہے کہ ہنر سکھانے والے اداروں کیلئے بھی جامع پالیسی لائی جائے اور بینکوں کوبغیر سود کے قرضوں کی ادائیگی کا پابند کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں