پاکستان کی تمام بڑی شخصیات عظمیٰ خان کیس میں معاملات طے کروا کے ملک ریاض کی نظروں میں سرخرو ہونا چاہتی تھیں: میاں داؤد ایڈووکیٹ

میڈیا کی ایک شخصیت کے فون پر عظمیٰ خان فوراََ صلح کیلئے راضی ہوگئیں، گورنر پنجاب چوہدری سرور نے ملک ریاض اور اداکارہ عظمیٰ خان کی صلح اچھے انداز میں کروا دی: عینی شاہد میاں داؤد ایڈووکیٹ کی اردوپوائنٹ سے گفتگو

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 3 جون 2020 00:25

پاکستان کی تمام بڑی شخصیات عظمیٰ خان کیس میں معاملات طے کروا کے ملک ریاض کی نظروں میں سرخرو ہونا چاہتی تھیں: میاں داؤد ایڈووکیٹ
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-02جون2020ء) اداکارہ عظمیٰ خان تشدد کیس کے عینی شاہد میاں داؤد ایڈووکیٹ نے اردوپوائنٹ کے لائیو انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ روز لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں ملک ریاض اور اداکارہ عظمیٰ خان کی ڈیل ہوئی ۔ میاں داؤد ایڈووکیٹ نے بتایا ہے کہ ابتدائی طور پر ملک ریاض نے 4 کروڑ کی آفر کی تھی لیکن اسے منع کر دیا گیا تھا لیکن اب قیمت بڑھنے اور قابل یقین لوگوں کی شمولیت کے بعد ڈیل ہو گئی ہے۔

ایڈووکیٹ میاں داؤد نے اردوپوائنٹ کی اینکر فرخ شہباز وڑائچ کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آج عدالت میں ہما خان نے اپنے بیان میں کہا کہ گلاس نیچے گر کر ٹوٹ گیا تھا اور اسکی وجہ سے انکے پاؤں میں چوٹ لگی، اس سے قبل دونوں بہنیں کہتی رہی تھیں کہ انہیں راڈ سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا لیکن آج اداکارہ اور انکی بہن نے کہا کہ انہوں نے غلط فہمی کی بنیاد پر مقدمہ درج کروایا تھا۔

(جاری ہے)

میاں داؤد نے انکشاف کیا ہے کہ 29مئی کو گورنر پنجاب چوہدری سرور معاملے میں مشغول ہوئے، اس کے ساتھ ہی پنجاب کی ایک اور شخصیت بھی معاملے میں شامل ہوگئی۔
فرخ شہباز وڑائچ کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ گورنر پنجاب چاہ رہے تھے کہ اس معالے کو حل کروانے کا سہرا انکے سر سجے اور وہ ملک ریاض کی آنکھوں میں سرخرو ہوں۔

میاں داؤد نے بتایا ہے کہ اداکارہ اور انکی بہن کو پہلے 4کروڑ روپے کی آفر کی گئی تھی، لیکن اداکارہ عظمیٰ خان اور ہما اس پر نہیں مان رہی تھیں۔ اس معاملے میں جو دوسری شخصیت شامل ہوئی تھی وہ ملک ریاض کے مخالف تھی۔ اس شخصیت کے درمیان میں آنے کے بعد ملک ریاض نے کہا کہ پہلے میں پیسے دینے کو تیار تھا لیکن اب میں انہیں ایک ٹکا بھی نہیں دوں گا۔

ملک ریاض نے کہا کہ سب سے سامنے معافی مانگ لوں گا، وہ بھی دوستوں کے کہنے پر لیکن پیسے اب نہیں دوں گا۔ ملک ریاض کو شاید اسی دوران گورنر پنجاب کا فون گیا جس پر ملک ریاض نے کہا کہ کل سے گورنر پنجاب میرے پیچھے پڑا ہوا ہے اور 60، 70فون کرچکا ہے، میں نے اسے کہا بھی ہے کہ اپنے طور پر دیکھ لو مجھے تنگ نہ کرو، پتا نہیں اسے کس نے کہا ہے کہ اس معاملے کو سیٹل کراو۔

سینئر کورٹ رپورٹر میاں داؤد نے بتایا کہ انکے گورنر ہاؤس کے ذرائع نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ گورنر پنجاب اس معاملے میں کودے ہوئے ہیں۔ اس معاملے میں وزیراعظم عمران خان کے سابق مشیر عون چاہدری دونوں طرف کھیل رہے تھے، 27مئی کے بعد پاکستان کی تمام بڑی شخصیات اس معالے میں شریک ہوگئی تھیں اور سب چاہتے تھے کہ اس معاملے کو حل کروانے کا سہرا انکے سر سجے اور ملک ریاض کی نظروں میں سرخرو ہوجائیں۔ گورنر پنجاب نے بہتر طریقے سے صلح کروادی، صلح میں اداکارہ عظمیٰ خان کا کیرئیر بنانے والی میڈیا کی شخصیت نے سب سے اہم کردار ادا کیا اور وہ آگے بھی کیرئیر بنانے میں مدد کریں گے اور یہی طے پایا ہے اسی لئی اس شخصیت کے فون پر عظمیٰ خان فوراََ صلح کیلئے راضی ہوگئیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں