سینیٹر سراج الحق کا کراچی میں حادثہ کا شکار ہونے والے طیارے کے پائلٹ کیپٹن سجاد گل شہید کی رہائش گاہ پراہلخانہ سے تعزیت

جمعرات 4 جون 2020 00:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2020ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کراچی میں حادثہ کا شکار ہونے والے طیارے کے پائلٹ کیپٹن سجاد گل کی رہائش گاہ پر لاہور میں ان کے والد گل محمد بھٹی اور خاندن کے دیگر افراد سے ملاقات کی اور کیپٹن سجاد گل کی شہادت پر ان کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ہم پوری قوم کی طرف سے شہید کے والد ین بہن بھائیوں سے تعزیت کرتے ہیں ۔

کیپٹن سجاد گل اور ان کے والد نے ملک و قوم کی بڑی خدمت کی ہے جس پر یہ خاندان مبارکباد کا مستحق ہے اور پوری قوم ان کی احسان مند ہے ۔ اس موقع پر امیر لاہور ذکر اللہ مجاہد اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکمرانوں نے قوم کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیاہے ۔

(جاری ہے)

حکومت نے قومی ہیروز ، جو ہیرے ہیں ان کی قدر نہیںکی ۔ پی آئی اے کو بہتر بنانے اور عظمت رفتہ واپس لانے کی ضرورت ہے ۔ ماضی میں پی آئی اے نے دنیا کی بہترین ایئر لائنز کی تربیت کی اور ان کو منظم کیا لیکن کرپشن اور مس مینجمنٹ کی وجہ سے یہ ادارہ تباہ ہوا ۔ انہوںنے کہاکہ قوم اس خاندان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی ۔ ہماری کوشش ہوگی کہ پی آئی اے دوبارہ ایک مثالی ادارہ بن جائے اور سجاد گل اور دیگر مسافروں کی شہادت کے بعد قوم کو مزید کسی شہادت کا صدمہ نہ اٹھانا پڑے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ہمارے ہاں روایت بن گئی ہے کہ کسی بھی سانحہ کی وجوہات عوام کے سامنے نہیں لائی جاتیں ۔ کمیشن بنتے ہیں مگر آج تک کسی کمیشن کی رپورٹ شائع نہیں کی گئی ۔ کراچی طیارہ حادثہ پہلافضائی حادثہ نہیں ۔ حکومت اور پی آئی اے انتظامیہ کا فرض ہے کہ وہ اتنے بڑے سانحہ کے اسباب سے قوم کو آگاہ کرے ۔ حادثے کا ذمہ دار شہید پائلٹ کو قرار دینے کی روش کا خاتمہ ہوناچاہیے ۔ یہ انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت رویہ ہے کہ حادثہ کا شکار ہو کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے والے پائلٹس کو حادثہ کا ذمہ دار قرار دے کر باقی لوگوں کی کوتاہیوں پر پردہ ڈال دیا جاتا ہے

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں