ماحولیاتی آلودگی پاکستان سمیت دنیا بھر کے لئے ایک چیلنج ہے،عثمان بزادر

ماحولیاتی آلودگی پر قابوپانے کے لئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت آگے بڑھنا ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب کا ماحولیاتی آلودگی سے بچائو کے دن پر پیغام

جمعہ 5 جون 2020 22:34

ماحولیاتی آلودگی پاکستان سمیت دنیا بھر کے لئے ایک چیلنج ہے،عثمان بزادر
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ ماحولیاتی آلودگی پاکستان سمیت دنیا بھر کے لئے ایک چیلنج ہے۔ ماحولیاتی آلودگی سے بچائو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میںان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی نسلوں کو آلودگی سے پاک صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے اور اس کے لیے ماحولیاتی آلودگی پر قابوپانے کے لئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت آگے بڑھنا ہوگا-وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے باعث انسانی صحت اور قدرتی ماحول بری طرح متاثر ہو رہا ہے، اقوام عالم کو مل کر قدرتی ماحول پر اثرانداز ہونے والے عوامل پر قابو پانا ہوگا-عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور صنعتی ترقی کرہ ارض کے ماحول پر اثرانداز ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے آلودگی پر قابو پانے کے لیے موثر اقدامات کیے ہیں-آلودگی پر قابو پانے کے لیے حکومتی اقدامات بارے انہوں نے بتایا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان اور بلین ٹری سونامی پروگرام سے پاکستان میں آلودگی پر قابوپانے میں مدد مل رہی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید بتایا کہ ہماری حکومت نے شجرکاری مہم کو ایک تحریک بنایا، قدرتی وسائل کے تحفظ اور عوام میں آگاہی کے ذریعے ماحول کو محفوظ بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ماحول کے تحفظ کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہم کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی میں تیزی سے اضافے کی ایک بڑی وجہ جنگلات کی مسلسل کٹائی بھی ہے، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے جنگلات کی بقا اور اس کی حفاظت ناگزیر ہے۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سرسبز و شاداب اور گھنے درخت خوبصورتی کا ایسا روپ ہیں جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔ آج کے دن ہمیں نئی نسلوں کیلئے ملک کو صاف ستھرا، سر سبزوشاداب اور قدرتی ماحول یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں