لاہور ائیرپورٹ کا مرکزی رن وے 2 ماہ کیلئے بند کرنے کا اعلان

رن وے کو مرمت کے غرض سے 4 جون سے 4 اگست تک بند رکھا جائے گا، سیکنڈری رن وے کو متبادل کے طور پر استعمال کیا جائے گا

muhammad ali محمد علی جمعہ 5 جون 2020 22:56

لاہور ائیرپورٹ کا مرکزی رن وے 2 ماہ کیلئے بند کرنے کا اعلان
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جون 2020ء) لاہور ائیرپورٹ کا مرکزی رن وے 2 ماہ کیلئے بند کرنے کا اعلان، رن وے کو مرمت کے غرض سے 4 جون سے 4 اگست تک بند رکھا جائے گا، سیکنڈری رن وے کو متبادل کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں ملک کے تیسرے بڑے اور مصروف ترین ائیرپورٹ کے مرکزی رن وے کی مرمت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے مرکزی رن وے کی حالت خراب ہونے پر اس کی مرمت کیلئے اجازت طلب کی تھی۔

اب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مرکزی رن وے کی مرمت کی اجازت دے دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ رن وے کو مرمت کیلئے 2 ماہ کیلئے بند رکھے جائے گا۔ ائیرپورٹ کا مرکزی رن وے 4 جون سے 4 اگست تک بند رہے گا۔

(جاری ہے)

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے مرکزی رن وے نمبر 18 ایل کو مرمت کی اجازت ملنے کے بعد تمام پروازوں کیلئے بند کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے باضابطہ نوٹم بھی جاری کیا گیا ہے۔ جاری کردہ نوٹم کے تحت لاہور ایئر پورٹ کے سیکنڈری رن وے 36 ایل کو مرکزی رن وے کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔لاہور ایئرپورٹ کا رخ کرنے والی تمام پروازوں کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ تمام ایئر لائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مسافروں کی تعداد اور فیول کی مقدار کم کریں تاکہ طیارے کا وزن کم ہو سکے اور پھر ائیرپورٹ پر لینڈ کیا جائے۔

متبادل رن وے کو خراب ہونے سے بچانے کیلئے جاری ہدایات پر عمل کرنا ضروری ہے۔ خلاف ورزی کرنیوالی ایئر لائنز کیخلاف ایکشن لے کر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ یہاں یہ واضح رہے کہ اس وقت کرونا وائرس پھیلاو کے باعث اندرون ملک محدود پیمانے پر پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔ جبکہ حال ہی میں پاکستان سے دوسرے ممالک کیلئے غیر ملکی پروازوں کی اجازت بھی دی گئی تھی۔ تاہم تاحال فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بحال نہیں کیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں