وفاقی وزیر نے پٹرول دوبارہ مہنگا ہونے کا عندیہ دے دیا

پٹرول دوبارہ مہنگا ہو رہا ہے اس لیے ذخیرہ اندوز مصنوعی قلت پیدا کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر شیخ رشید کی پریس کانفرنس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 6 جون 2020 15:55

وفاقی وزیر نے پٹرول دوبارہ مہنگا ہونے کا عندیہ دے دیا
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-06جون2020 ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قلت کا معاملہ ای سی سی کے اجلاس میں اٹھایا ہے، پیٹرول دوبارہ مہنگے ہونے جارہا ہے اس لئے سٹاکسٹ مافیا ذخیرہ کر کے قیمتیں بڑھنے کا انتظار کررہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ عید الفطر کے بعد ٹارزن کی واپسی ہوگی ، شہبازشریف صرف ٹی وی پر ٹارزن بنے ہوئے ہیں جبکہ در حقیقت یہ ڈرپوک اور بزدل ہیں ، جب نیب نے چھاپہ مارا تو شہباز شریف گھر کے پچھلے کمرے میں چھپے ہوئے تھے ، پاکستان کی سیاست میں اپوزیشن کا کوئی کردار نہیںدیکھ رہا اور اپوزیشن کا سوائے میڈیا میڈیا کھیلنے کے کوئی کردار نہیں، صورتحال اس نہج پر پہنچ گئی ہے کہ ایک تصویر پر بھی سیاست کی جارہی ہے ، ملک میں بے جان اور کیسز میں ملوث اپوزیشن ہے ، کسی اپوزیشن جماعت میں یہ جرات نہیں کہ وہ عمران خان کی حکومت کے مقابلے میں نکلے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شہباز شریف وکٹ کی دونوں طرف کھیلنا چاہتے ہیں ، انہوں نے نئی تھیوری پیش کی ہے کہ ہمیں بھارت کا مل کر مقابلہ کرنا ہے ،شہباز شریف اس وقت مفاہمت کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں لیکن عمران خان کوا س سے کوئی دلچسپی نہیں ، شہباز شریف کو جیل جانا ہے ۔ شہباز شریف سمجھ رہے ہیںکہ ان کی کمپنی کی مشہوری ہو رہی ہے حالانکہ ان پر مسترد ہونے کا ٹھپہ لگ رہا ہے ، جن کے پیچھے پولیس لگی ہوئی ہے وہ خاک لیڈر ہیں ، جیل تو جینوئن سیاستدان کیلئے سسرال ہوتی ہے ، یہ خاندان چینی کے کیس میں بھی نہیں بچے گا۔

انہوں نے کہا کہ چینی کے بعد کابینہ کے آئندہ یا اس سے اگلے اجلاس میں آٹے کی فرانزک رپورٹ بھی پیش کی جائے گی ، چینی چور جیلوں میں جائیں گے کیونکہ وزیر اعظم عمران خان پر عزم ہیں کہ جس نے بھی چوری کی ہے وہ قانون کے شکنجے میں آئے گا ۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ پٹرول سستا ہوا اور ذخیر اندوزوں نے مسئلہ پیدا کیا۔ انہوںنے کہا کہ پیٹرول کی قلت کا معاملہ ای سی سی کے اجلاس میں اٹھایا ہے،اوگرا کو قلت دور کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پیٹرول دوبارہ مہنگے ہونے جارہا ہے اس لئے سٹاکسٹ مافیا ذخیرہ کر کے قیمتیں بڑھنے کا انتظار کررہا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں