میاں اسلم اقبال سے ینگ انجینئر ٹیکنالوجسٹس ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

پاکستان کا مستقبل فنی تعلیم سے جڑا ہے، جدید ٹیکنالوجی کوفروغ دیکرترقی کی منزل پائیں گے،صوبائی وزیر

جمعرات 2 جولائی 2020 17:28

میاں اسلم اقبال سے ینگ انجینئر ٹیکنالوجسٹس ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2020ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے ینگ انجینئر ٹیکنالوجسٹس ایسوسی ایشن کے صدر سید علی حسن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے پاکستان میں انجینئرنگ ٹیکنالوجی ایجوکیشن اور ٹیکنالوجی گریجوایٹس کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ چیئرمین ٹیوٹا علی سلمان صدیق اور چیف آپریٹنگ آفیسر اختر عباس بھروانہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وفد کا کہنا تھا کہ نیشنل ٹیکنالوجی کونسل ایکٹ کے نہ ہونے سے ٹیکنالوجی گریجوایٹس کیلئے آگے بڑھنے کے مواقع نہیں ہیں، یہ ایکٹ بن جائے تو ملک کے سا ڑھے 3لاکھ ٹیکنالوجسٹس کو فائدہ ہوگا۔ وفد نے صوبائی وزیر سے این ٹی سی میں بھی انجینئرنگ ٹیکنالوجسٹس کی نمائندگی کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ این ٹی سی کو فعال کرنے اور این ٹی سی ایکٹ کی منظوری کیلئے متعلقہ وفاقی وزراء سے بات کی جائے گی۔

ٹیکنالوجی گریجوایٹس کے مسائل کے حل کیلئے ہرممکن کوشش کریں گے۔ این ٹی سی کے فعال ہونے اور ایکٹ بننے سے ٹیکنالوجسٹس کے لیے مواقع بڑھیں گے۔ صوبائی وزیر نے این ٹی سی ایکٹ کے حوالے سے سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل فنی تعلیم سے جڑا ہے۔ پنجاب حکومت نے فنی تعلیم کے فروغ کیلئے انقلابی حکمت عملی اپنائی ہے۔ علی سلمان صدیق کی قیادت میں ٹیوٹا فنی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر ترقی کے اہداف تیزی سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی ایجوکیشن پر بھر توجہ دے کر ملک کی ترقی اور خوشحالی منزل پاسکتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں