مقبوضہ کشمیر کے دلخراش و انسانیت سوز مناظر پر ہر آنکھ اشکبار ہے ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان

جمعرات 2 جولائی 2020 23:58

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2020ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر ہونیوالے ظلم و ستم اور دلخراش و انسانیت سوز مناظر پر ہر آنکھ اشکبار ہے ،بے گناہ شہری بشیر احمد خان کا وحشیانہ قتل اور ننھے بچے کی معصومیت بین الاقوامی برادری کیلئے بڑا سوالیہ نشان ہے ،عبدالعلیم خان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ معصوم شہریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والوں کو کوئی بھی مہذب معاشرہ قبول نہیں کر سکتا ، بے گناہ شہری کی ہلاکت کی تصویر نے بھارتی جبر و استبداد کو مکمل طور پر بے نقاب کر دیا ہے ،انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکت متعصب ہندوانہ سوچ کی عکاس ہے جسے بھارتی فوج کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالے ظلم و ستم عالمی ضمیر جھنجھوڑنے کیلئے کافی ہیں ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ بھارت نے اسلام اور کشمیر دشمنی میں وحشت کی نئی تاریخ لکھی ہے جسے مودی سرکارکو بھی ایک نہ ایک دن ضرور بھگتنا ہوگا ، انہوں نے اپیل کی کہ بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو مقبوضہ کشمیر کی اس صورتحال کا فوری نوٹس لینا چاہیے،عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ایسے اقدامات کشمیر کی جدوجہد آزادی کو فیصلہ کن موڑ پر لا رہے ہیں اور اتنے طویل عرصے سے جاری لاک ڈاؤن اور مار دھاڑ کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں