میاں شریف مرحوم کی اولاد میں جائیداد کا تنازعہ شدت اختیار کر گیا

میاں اسلم بشیر کے بھتیجے اور شہباز شریف کی بہن کے داماد نے بھائی کے ساتھ مل کر میاں اسلم بشیر کے گھر پرفائرنگ کردی، متعدد گارڈز زخمی اور گیراج میں کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 2 جولائی 2020 21:23

میاں شریف مرحوم کی اولاد میں جائیداد کا تنازعہ شدت اختیار کر گیا
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02جولائی 2020ء) میاں شریف مرحوم کی اولاد میں جائیداد کا تنازعہ شدت اختیار کر گیا ، شہباز شریف کی بہن کے داماد کی میاں اسلم بشیرکے گھر پرفائرنگ، متعدد گارڈز زخمی، گیراج میں کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، تھانہ ماڈل ٹاﺅن میں مقدمہ درج، تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے داماد فرقان ادریس اور اس کے بھائی عمر ادریس نے ماڈل ٹاﺅن میں گزشتہ رات 2بجے شراب کے نشے میں دھت ہوکر اپنے ہمسائے میاں اسلم بشیر کے گھر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

فرقان ادریس
فرقان ادریس
عمر ادریس
عمر ادریس
جس کے نتیجے میں گھر کے باہر سکیورٹی گارڈز کو بھی گولیاں لگیں اور گھر کے گیراج میں کھڑی قیمتی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ماڈل ٹاﺅن میں شہباز شریف کے گھر کیساتھ ملحقہ گھر کے رہائشی میاں اسلم بشیر کا کہنا ہے کہ ہم لوگ سو رہے تھے کہ رات کے دو بجے فائرنگ کی آواز آئی، جب کھڑکی سے باہر دیکھا تو فرقان ادریس اور عمر ادریس اپنے دیگرساتھیوں کے ہمراہ ان کے گیٹ پر اور گھر کے اندر فائرنگ کررہے تھے، اور مسلسل کہہ رہے تھے کہ آج کسی کو نہیں چھوڑیں گے، میاں اسلم بشیر کا کہنا ہے کہ ہم نے فوراً 15پر کال کی ، اور پولیس کے آنے کے بعد دونوں بھائی ساتھیوں سمیت بھاگ گئے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں کہ ان پر فائرنگ کی گئی ہوبلکہ شہباز شریف کے دور حکومت میں بھی ایسے متعدد واقعات رونما ہوتے رہے ہیں لیکن اس وقت ہماری کوئی دادرسی نہیں ہوتی تھی پولیس معمولی کارروائی کرتی تھی اور معاملہ رفع دفع ہو جاتا تھا۔ لیکن اب پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور عمران خان وزیراعظم ہیں تو ہمیں امید ہے کہ ہمیں انصاف ضرور ملے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے تھانہ ماڈل ٹاﺅن میں ایف آئی آر کیلئے درخواست دے دی ہے اور امید ہے کہ پولیس ملزموں کیخلاف جلد کارروائی عمل میں لائے گی۔
ایف آئی آر کا عکس
ایف آئی آر کا عکس
یاد رہے کہ فرقان ادریس سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے قریبی رشتہ دار ہے۔ فرقان ادریس شہباز شریف کی بہن کوثر اور بہنوائی محمد یوسف کا داماد بھی ہے جبکہ ماڈل ٹاﺅن میں میاں اسلم بشیر اور شہباز شریف کے گھر ساتھ ساتھ ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں