پیراگون اسکینڈل‘ایم ایس سروسز ہسپتال کو وعدہ معاف گواہ کا طبی معائنہ کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم

جھوٹا کیس بنایا گیاہے ، نیب نے بہت زیادتی کی ہے‘خواجہ سعد رفیق پاکستان میں صرف نیب ہی غلط کررہا ہے، باقی تو سب ٹھیک ہیں‘نیب پراسیکیوٹر

بدھ 8 جولائی 2020 18:15

پیراگون اسکینڈل‘ایم ایس سروسز ہسپتال کو وعدہ معاف گواہ کا طبی معائنہ کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2020ء) احتساب عدالت نے پیراگون اسکینڈل میں ایم ایس سروسز ہسپتال کو وعدہ معاف گواہ کا طبی معائنہ کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ دوران سماعت خواجہ سعد رفیق کے بیان پر نیب پراسیکیوٹر کی تلخ کلامی بھی ہوئی۔پیراگون اسکینڈل کیس میں (ن)لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق احتساب عدالت کے جج جواد الحسن کے روبرو پیش ہوئے جبکہ عدالتی حکم پر وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کو ایمبولینس کے ذریعے پیش کیا گیا۔

ملک کاشف شہباز ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور میڈیکل رپورٹ پیش کرتے ہوئے قیصر امین بٹ کے وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواست دائر کردی۔عدالتی استفسار پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ گواہ قیصر امین بٹ احاطہ عدالت میں موجود ہے مگر بیان دینے کے قابل نہیں۔

(جاری ہے)

قیصر امین بٹ کی صحت کے پیش نظر عدالت جو حکم جاری کرے گی، اس پر عمل کریں گے۔نیب پراسیکیوٹر نے جوڈیشل مجسٹریٹ ذوالفقار باری سمیت گواہوں کے بیان پر جرح کرنے کی استدعا کی جبکہ خواجہ برادران کے وکلا کی جانب سے کیس ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی جس پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ گواہوں پر جرح آج ہی ہوگی۔

عدالتی استفسار پر وکلا نے بتایا کہ امجد پرویز ہائیکورٹ میں مصروف ہیں اور اشتر اوصاف بھی آج موجود نہیں۔خواجہ سعد رفیق نے عدالت میں بیان دیا کہ ہمارے خلاف جھوٹا کیس بنایا گیا۔ نیب نے ہمارے ساتھ بہت زیادتی کی ہے۔ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ پورے پاکستان میں صرف نیب ہی غلط کررہا ہے، باقی تو سب ٹھیک ہیں۔ کوئی ایک ادارہ بتادیں جس میں کسی وزیراعظم کو بلا کر احتساب کرنے کی جرات ہو۔عدالت نے گواہ قیصر امین بٹ اور خواجہ برادران کو حاضری لگانے کے بعد جانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 19 اگست تک ملتوی کردی۔ عدالت نے سروسز ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو گواہ قیصر امین بٹ کا طبی معائنہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ بھی طلب کرلی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں