لاہور ہائیکورٹ نے جج ارشد ملک کے خلاف انکوائری رپورٹ کے جاری ہونے سےلاعلمی کا اظہار کردیا

ہائیکورٹ سے جج ارشد ملک سے متعلق کوئی رپورٹ جاری نہیں کی گئی صرف لاہور ہائیکورٹ میڈیا سیل سے جاری کردہ رپورٹس ہی میڈیا میں چلائی جا سکتی ہیں: ترجمان لاہور ہائیکورٹ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 12 جولائی 2020 15:32

لاہور ہائیکورٹ نے جج ارشد ملک کے خلاف انکوائری رپورٹ کے جاری ہونے سےلاعلمی کا اظہار کردیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12جولائی 2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے جج ارشد ملک کے خلاف انکوائری رپورٹ کے جاری ہونے سےلاعلمی کا اظہار کردیا، ترجمان لاہور ہائیکورٹ کے مطابق ہائیکورٹ سے جج ارشد ملک سے متعلق کوئی رپورٹ جاری نہیں کی گئی صرف لاہور ہائیکورٹ میڈیا سیل سے جاری کردہ رپورٹس ہی میڈیا میں چلائی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ معزز جج صاحبان کے واضح دستخط والی دستاویزات کو بھی چینل پرلائیو نہیں چلایا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اس حوالے سے جو رپورٹ سامنے آئی ہے اس میں کہا گیا ہے کہ جج ارشد ملک دبائو ثابت نہیں کرسکے، ملاقاتیں اپنی مرضی سے کرتے رہے، رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کے خلاف انکوائری رپورٹ میں جج کو قصوروار قرار دیتے ہوئے نوکری سے برطرف کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار احمد نعیم نے جج ارشد ملک کے خلاف 13 صفحات پر مشتمل انکوائری رپورٹ تیار کی ہے۔

مبینہ انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ ارشد ملک نے جرائم پیشہ گروپوں میں رضاکارانہ طور پر شمولیت اختیار کی۔ارشد ملک نے ایسا کوئی ثبوت نہیں دیا جس سے ظاہر ہو کے خوفزدہ یا ہراساں کیا گیا تھا۔مزید کہا کہ ملزم ارشد ملک یہ بھی ثابت نہیں کرسکے کہ انہوں نے اپنی مرضی کے خلاف تمام متنازع کام کیے۔ ناصر بٹ ،ناصر جنجوعہ اور مہر ناصر کی جوڈیشل آفیسر سے ملاقات سے ثابت ہوتا ہے کہ ارشد ملک تک ان کی رسائی ہمیشہ سے تھی۔

انکوائری رپورٹ میں جج کو قصور وار قرار دیتے ہوئے نوکری سے برطرف کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز کا فیصلہ کرنے کے بعد ملزم جاتی امرا میں نواز شریف سے ملا۔جج ارشد ملک نے کیسز کا فیصلہ کرنے کے دوران حسین نواز شریف سعودی عرب میں بھی ملاقات کی۔اس ملاقات کو اچانک نہیں قرار دیا جاسکتا بلکہ یہ طے شدہ تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں