لاہور ایکسپو سینٹر فیلڈ ہسپتال کو تمام مریض کے صحتیاب ہونے کے بعد بند کردیا گیا

ہسپتال میں زیر علاج تمام مریض ڈسچارج ہو گئے جس کے بعد تینوں ہالز کو بند کر دیا گیا ہے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 12 جولائی 2020 17:13

لاہور ایکسپو سینٹر فیلڈ ہسپتال کو تمام مریض کے صحتیاب ہونے کے بعد بند کردیا گیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی 2020ء) لاہور ایکسپو سینٹر فیلڈ ہسپتال کو تمام مریض کے صحتیاب ہونے کے بعد بند کردیا گیا، ہسپتال میں زیر علاج تمام مریض ڈسچارج ہو گئے جس کے بعد تینوں ہالز کو بند کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار کیے جانے والے ایکسپو فیلڈ اسپتال میں کرونا سے متاثرہ ایک بھی مریض موجود نہیں ہے اور ہسپتال میں زیرِعلاج تمام مریض صحتیاب ہوکر ڈسچارج ہو گئے ہیں جس کے بعد اس کے تینوں ہالز کو بند کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہوم آئسولیشن پالیسی کے باعث ایکسپو فیلڈ اسپتال میں مریض نہیں آئے ہیں۔ ایکسپو فیلڈ اسپتال میں 990 بیڈز کا آئسولیشن وارڈ، 10 بیڈز کا ہائی ڈپنڈنسی یونٹ قائم کیا گیا تھا۔اسپتال کے لیے 110 ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈکس کو مختص کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایکسپو فیلڈ اسپتال کو 2 ماہ مزید قائم رکھا جائے گا تاکہ ضرورت پڑنے پر استعمال کیا جاسکے۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے امتناع وبائی امراض آرڈینس 2020 کے تحت ایکسپو سینٹر کو عارضی طور پر تحویل میں لے لیا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ایکسپو سنٹر لاہور ہسپتال کی جگہ وفاقی حکومت کی ملکیت ہے، زمین پنجاب حکومت کے پاس ہے، حکومت پر واجب الادا کے حوالے سے چلائی جانے والی خبریں جعلی اور بے بنیاد ہیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بتایا ہے کہ ''میڈیا پر جو ایکسپو سنٹر کے کرائے سے متعلق خبریں چل رہی ہیں یہ حقیقت کے برعکس ہیں، ایکسپو سنٹر لاہور ہسپتال کی جگہ وفاقی حکومت کی ملکیت ہے، ایکسپو سنٹر لاہور ہسپتال کی زمین پنجاب حکومت کے پاس ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور اس کی نگرانی کرتے ہیں''۔خیال رہے کہ اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ایکسپو سنٹر فیلڈ ہسپتال استعمال کرنے کا فی مریض کرایہ 9 لاکھ روپے بن گیا، ایکسپو انتظامیہ نے حکومت سے فیلڈ ہسپتال کے کرائے کی مد میں 55 کروڑ روپے مانگ لیے، ایکسپو انتظامیہ نے مراسلہ ضلعی حکومت اور محکمہ صحت کو ارسال کردیا ہے۔ تاہم اب اس خبر کو غلط قرار دیدیا گیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں